برطانیہ:(اے یو ایس ) برطانوی وزیر اعظم بورس جاسن نےآئی ٹی وی چینل پر گڈ مارننگ بریٹین پروگرام کے ناظرین کو اس وقت حیرت میں ڈال دیا جب انہوں نے یہ اقرار کیا کہ وہ نہیں جانتے کہ لورین کیلی کون ہیں۔لورین کیلی برطانیہ کی ایک ٹی وی پروگرام کی خاتون میزبان ہیں جو اپنے ملک میں بے حد مشہور ہیں۔ وہ اپنے نام سے ایک پروگرام بھی کرتی ہیں جس کو لاکھوں افراد دیکھتے ہیں۔برطانوی اخبار ڈیلی میل نے منگل کے روز بتایا تھا کہ بورس نے یہ بات ڈاؤننگ اسٹریٹ میں خاتون اینکر سوزانا ریڈ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہی۔
انٹرویو کے دوران جب سوزانا نے کہا کہ انہیں مناسب وقت پر گفتگو ختم کرنا ہو گی تا کہ لورین کے پروگرام کی طرف منتقل ہوا جا سکے تو وزیر اعظم بورس جانسن نے جواب میں استفسار کیا کہ لورین کون ہے؟”اس پر سوزانا نے کہا کہ “لورین کون ہے ، لورین ایک لیجنڈ ہے ۔بورس جانسن کے اس استفسار نے سوشل میڈیا ویب سائٹ “ٹویٹر” پر ایک نئی بحث چھیڑ دی۔ لوگوں نے جونسن کے اس غیر متوقع سوال پر تبصروں کی بارش کر دی۔بہت سے لوگوں کا کہنا تھا کہ انہوں نے کبھی لورین کا پروگرام نہیں دیکھا تاہم وہ یہ ضرور جانتے ہیں کہ لورین کون ہے۔
لورین کیلی نے اپنے پروگرام میں اس موقع پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ (بورس جانسن) یہ کیوں جانیں گے کہ میں کون ہوں ؟ میرا مطلب ہے کہ وہ وہ صبح کے وقت مصروف ہوتے ہیں اور اس وقت وہ ہمیں نہیں دیکھیں گے۔ اگرچہ وہ بہت کچھ جان سکتے ہیں جیسا کہ آپ لوگ جانتے ہیں تاہم یہ بات انتہائی مضحکہ خیز تھی ۔لورن نے مزید کہا کہ بہت سے لوگوں کا کہنا ہے کہ وہ (بورس جانسن) ان لوگوں کے ووٹوں سے محروم ہو چکے ہیں ۔محض اس بات پر کوئی ووٹوں سے ہاتھ نہیں دھوتا کہ وہ مجھے نہیں جانتا البتہ یہ بات انتہائی مضحکہ خیز ضرور ہے۔
