کراچی: (اے یو ایس ) کراچی کے نجی کلب میں ہونے والے باکسنگ مقابلے میں نیشنل ٹائٹل ہولڈر اسلم خان کی مخالف باکسر کا مکا لگنے سے موت واقع ہو گئی۔اسلم خان کا تعلق بلوچستان کے علاقے پشین سے تھا اور وہ 2007 سے باکسنگ مقابلوں میں حصہ لے رہے تھے۔
اسلم نے 2017 میں 64 کلوگرام کی کیٹیگری کا ٹائٹل اور 2020 میں ہیوی ویٹ ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔کراچی کے علاقے گلشنِ اقبال کے نجی کلب میں ہونے والے ایک نجی ٹورنامنٹ میں اسلم خان کا مقابلہ کراچی کے باکسر ولی خان سے ہو رہا تھا۔
عالمی باکنگ چمپین عامر خان نے اس سانحہ پر گہرے غم کا اظہار کرتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا کہ مدمقابل باکسر کا وزن اسلم خان سے زیادہ تھا۔مقابلے کے دوران ولی خان نے ایک پنچ مارا جس سے محمد اسلم زمین پر ڈھیر ہو گئے اور ولی کو فاتح قرار دیا گیا۔
بعدازاں مکا لگنے کے بعد رنگ میں کھڑے نہ ہونے والے اسلم کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئے۔باکسر محمد اسلم کا تعلق پشین سے تھا اور وہ پاکستان کے لیے کک باکسنگ مقابلوں میں بھی حصہ لے چکے ہیں۔انہیں ان کے آبائی علاقے پشین میں سپرد خاک کردیا گیا۔