نئی دہلی: ہندوستان نے ملک بھر میں فرنٹ لائن پر تعینات صحت ملازمین کو دو ویکسین ،کوویشیلڈ اور کو-ویکسین لگانے کے لئے ایک وسیع ٹیکہ کاری مہم شروع کی ہے۔آف آکسفورڈ – آسٹرا زینیکا کی کوویشیلڈ ویکسین کو سیرم انسٹی ٹیوٹ تیار کر رہا ہے ، جبکہ کو – ویکسین کو بھارت بائیوٹیک کمپنی کر رہی ہے۔ وہیں، ہندوستان کی کو – ویکسین اور کو ویشیلڈ میڈ ان انڈیا کورونا ویکسین کی دنیا کے تقریباً92 ممالک نے مانگ کی ہے۔ بتادیں کہ ابھی تک ، ہندوستان نے کووڈ ویکسین کی کھیپ بنگلہ دیش ، نیپال ، بھوٹان اور مالدیپ کو بھیجی ہے۔
ہندوستان کچھ ہی دن میں میانمار اور سیشیلز کو بھی کووڈ- 19 کی ویکسین فراہم کرے گا۔ اس کے علاوہ برازیل کے ہوائی جہاز بھی کورونا ویکسین لینے ہندوستان پہنچ گئے ہیں۔ ہندوستان برازیل کو تقریباً 20 لاکھ خوراکیں دے گا۔حکام کے مطابق ، نہ صرف پڑوسی ممالک بلکہ دنیا بھر کے ممالک سے بھی ہندوستان کی ویکسین کا مھالبہ کر رہے ہیں۔ سرکاری ذرائع کے مطابق ، پڑوسی ممالک کو چھوڑ کر متعدد ممالک جیسے برازیل ، مراکش ، سعودی عرب ، میانمار ، بنگلہ دیش اور جنوبی افریقہ میں ویکسین بھیجی جائیں گی ، وہیں سری لنکا نے بھی ہندوستان سے ویکسین کی خوراک کے لئے درخواست کی ہے۔ سری لنکا اقوام متحدہ کی حمایت یافتہ کو ویکس سہولت کے تحت ویکسین لینے کی کوشش کر رہا ہے ، جوکم یا درمیانی آمدنی والے92 ممالک کو ویکسین کی سبسڈی دیتا ہے۔
اس کے علاوہ ہندوستان بھی افغانستان کی مدد کے لئے آگے آیا ہے۔ ہندوستا ن میں ویکسین کے رول آو¿ٹ کو لیکر دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کے درمیان حال ہی میں اس کو لیکر گفتگو ہوئی تھی۔ ان ممالک کے علاوہ آسٹریلیا ، فلپائن ، انڈونیشیا ، ویتنام ، تھائی لینڈ ، سنگاپور جیسے ممالک نے بھی آکسفورڈ – آسٹرا زینیکا ویکسین میں دلچسپی کا اظہار کیاہے۔دراصل حال ہی میں ایسی اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ چینی ویکسین زیادہ موثر نہیں ہے ، ایسے میں ہندوستان کی بنی ویکسین کی مانگ بڑھنا لازمی ہے۔
وہیں ویکسینیشن کے معاملے میں بھی ہندوستان چین سے بہت آگے ہے کیونکہ یہاں بہت ساری بیماریوں کی ویکسین بنائی گئی ہے۔ واضح رہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے انڈیا ایڈ گرانٹ اور پڑوسی ملک کی پہلی پالیسی کے تحت متعدد ممالک کو ویکسین دینے کا اعلان کیا ہے۔ ہندوستان نے کوویشیلڈ ویکسین کی 20 لاکھ خوراکیں بنگلہ دیش اور 10 لاکھ خوراکیں نیپال کو ارسال کیں۔ اس سے قبل بدھ کے روز ، ہندوستان نے سیرم انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا کی تیار کردہ کوویشیلڈ ویکسین کی 150000 خوراکیں بھوٹان بھجیں ، جبکہ 100000 مالدیپ کو بھیجی تھی۔