ساؤ پالو/تہران : برازیل اور ایران میں جان لیوا مرض کوویڈ19-کے کیسز اور اموات میں کوئی کمی واقع نہیں ہو رہی اور تازہ ترین اطلاع کے مطابق برازیل میں ایک دن میں کورونا وائرس سے مزید 770 ٓافراد ہلاک ہو گئے جس سے جنوبی امریکہ اور لاطینی امریکی کے اس سب سے بڑے ملک مرنے والوں کی تعداد ایک لاکھ80ہزارہوگئی ہے۔یہ اعداد و شمار برازیل کی وزارت صحت نے جاری کیے ہیں۔
وزارت نے بتایا کہ اسی عرصے کے دوران 53347 نئے کیسز کی آمد کے ساتھ ہی اس ملک میں متاثرہ مریضوں کی تعداد 6781799 ہوگئی ہے۔ ملک کی جنوب مشرقی ریاست ساؤ پالو میں کورونا کا سب سے زیادہ اثر ہے اور اب تک جان لیوا کورونا وائرس نے13لاکھ20ہزار افراد کو متاثر کیا ہے جبکہ 43661 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔
برازیل دنیا میں امریکہ کے بعد دوسرا ملک ہے جہاں کورونا سے سب سے زیادہ اموات ہوئی ہیں۔ برازیل امریکہ اور ہندوستان کے بعد کورونا سے متاثر ہونے کے معاملہ میں تیسرے نمبر پر ہے۔اسی دوران ایران کے دارالحکومت تہران سے موصول اطلاع کے مطابق میں جمعرات کو کورونا وائرس کے 10403 نئے کیسزسامنے آنے سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 1083023 ہوگئی ہے۔ یہ جانکاری وزارت صحت نے دی ہے۔
وزارت صحت کی ترجمان سیما سادات لاری نے بتایا کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا سے 284 افراد مرچکے ہیں۔ اب تک51ہزار 496 اموات ہو چکی ہیں۔ محترمہ لاری نے بتایا کہ یہاں اب تک 778167 افراد بازیاب ہو چکے ہیں جبکہ 5768 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ ترجمان کے مطابق اب تک 6568742 ٹیسٹ کئے جاچکے ہیں۔