قاہرہ: (اے یو ایس ) شمالی مصر کی اسکندریہ گورنری کے علاقے العجمی میں گذشتہ روز درد ناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک نوجوان اپنی ہی منگنی کی تقریب میں ہونے والی ہوائی فائرنگ سے لگنے والی گولی لگنے سے ہلاک ہو گیا۔دلخراش واقعے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا میں گردش کر رہی ہے جس میں نوجوانوں کو منگنی کے جشن میں آتش بازی کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق العامریہ پولیس ڈیپارٹمنٹ کو مبرہ العصافرہ کے اسپتال سے اطلاع پہنچی کہ ایک نوجوان گولی لگنے کے بعد تشویشناک حالت میں لایا گیا تاہم اسپتال پہنچنے کے تھوڑی دیر بعد اس کی موت واقع ہو گئی۔21 سالہ مصطفیٰ مجدی المعروف الاسپانی دوستوں کے ساتھ نکاح کی تقریب میں موجود تھا۔
نوجوان اپنی منگیتر کے بیوٹی سیلون سے واپسی کا منتظر تھا کہ اچانک ایک گولی اسے آ لگی۔ اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ نوجوان بہت زیادہ خون بہہ جانے کے باعث جانبر نہ ہو سکا اور دم توڑ گیا۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہے۔
