قاہرہ :(اے یو ایس)مصر کی الاخوان المسلمون تنظیم نے ترکی میں اپنے سیٹلائٹ چینلوں کے حوالے سے حتمی فیصلہ کر لیا ہے۔ یہ پیش رفت انقرہ کی جانب سے اپنی سرزمین پر تنظیم کی میڈیا سرگرمیاں روک دیے جانے کے فیصلے کے بعد سامنے آئی ہے۔ذرائع نے العربیہ ڈاٹ نیٹ کو تصدیق کی ہے کہ تنظیم نے 3 ماہ کے اندر اپنے سیٹلائٹ چینلوں کو ترکی سے باہر منتقل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
اس سلسلے میں “وطن” چینل (جو مکمل طور پر تنظیم کی ملکیت ہے) کو بیرون ملک منتقل کر کے اسے “الحوار” سیٹلائٹ چینل میں ضم کیا جائے گا۔ الحوار چینل کو الاخوان کے فلسطینی رہ نما عزام التمیمی لندن سے چلاتے ہیں۔ذرائع نے مزید بتایا کہ “الشرق” سیٹلائٹ چینل بھی منتقلی کا ارادہ رکھتا ہے۔ تاہم اس پر عمل درامد ہونے تک چینل نے ترکی کی ہدایات پر کاربند رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ہدایات میں کہا گیا ہے کہ مصر اور خلیجی ممالک کے خلاف اشتعال انگیز پروگراموں کو روک دیا جائے۔مذکورہ ذرائع نے اس بات کی بھی تصدیق کی ہے کہ الاخوانی چینل “وطن” شدید مالی بحرانات سے دوچار ہے۔ چینل کے اخوانی انتظامی ڈائریکٹر علی سعد اور دیگر کارکنان کے مالی بدعنوانیوں میں مولث ہونے کا انکشاف ہو چکا ہے۔یاد رہے کہ ترکی نے چند روز قبل ایک فیصلے میں ذرائع ابلاغ سے متعلق الاخوان کی سرگرمیوں پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کی اتھا۔ بالخصوص ہو سرگرمیاں جو استنبول میں تنظیم کے سیٹلائٹ چینلوں سے نشر ہوتی ہیں۔