ملبورن: یہاں ملبورن جنکشن اوول میں آسٹریلیائی جنگلات میں لگی آگ کے متاثرین کی راحت کاری کے لیے کرائے گئے10اوورز فی اننگز کے امدادی میچ سے، جس میں دنیا بھر کے سابق کرکٹ سوپر اسٹارز نےشرکت کی، 7.7ملین ڈالرکا چندہ بطور امدادجمع کیا گیا۔
آسٹریلیا کے سابق کپتان رکی پونٹنگ الیون نے سابق وکٹ کیپر گلکرسٹ کی ٹیم کو ایک سنسنی خیز میچ میں ایک رن سے شکست دے دی۔اس میچ کی خصوصیت یہ تھی کہ اس میں ہندوستان کے سچن ٹنڈولکر،اور یوراج سنگھ ، پاکستان کے وسیم اکرم، ویسٹ انڈیز کے برائن لارا اور کورٹنی والش ، بریٹ لی،میتھیو ہیڈن ، اینڈریو سائمنڈز ،شین واٹسن اور جسٹن لینگر جیسے عظیم کھلاڑیوں نے شرکت کی۔
پونٹنگ الیوں کی ٹیم کا دس اووروں میں 5وکٹ کے نقصان پر 105رنز بنائے۔ جس میں برائین لارا نے کور ڈرائیوز اور اسٹریٹ ڈرائیوز کی جانب کئی عمدہ شاٹ لگا کر شاندار30رنز بنانے کے ساتھ ساتھ کرکٹ شوقینوں کو ایسا محسوس کرایا گویا وہ 15 -20سال پہلے کھیلے گئے کسی میچ کی ریکارڈنگ دیکھ رہے ہیں۔
ان کے بعد رکی پونٹنگ نے بھی ریٹائرڈ ہرٹ ہونے سے قبل 14بالوں پر26رنز بنا کر کچھ ایسا ہی احساس دلایا۔نیو ساؤتھ ویلزکے ابھرتے 16سالہ بلے باز لیچ فیلڈ نے بالکل لارا انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے سب کو بہت محظوظ کیااور جب ٹنڈولکر میدان میں اترے تو فضا تالیوں کی گڑگڑاہٹ سے گونج اٹھا اور ابھی گونج تھمی بھی نہیں تھی کہ ٹنڈولکر کی چوکے لیے فائن لیگ باو¿نڈری کی جانب کھیلے گئے نہایت خوبصورت شاٹ نے پھر کرکٹ شیدائیوں کو تالیاں بجانے پر مجبور کر دیا۔
گل کرسٹ کی ٹیم شین واٹسن کے طوفانی 30رنز کی بدولت ،جو انہوں نے محض9گیندوں پر بنائے ،جیت کی دہلیز پر پہنچ کر بھی فتح کے دروازے کو پار نہ کر سکی اور جیت کے لیے تین رنز باؤنڈری کے ذریعہ بنانے کی کوشش میں ریوولڈ نے لمبی ہٹ لگائی لیکن لانگ آن پر لچ فیلڈ نے کیچ لپک کر گل کرسٹ الیون پرایک رنز سے شکست کی مہر ثبت کر دی۔اور اس دلچسپ اور سنسنی خیز میچ سے تقریباً 8لاکھ ڈالر کی خطیر رقم بھی چندے کی شکل میں جمع ہو گئی۔