لکھنؤ: مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے شہریت ترمیمی قانون(سی اے اے) کے خلاف جاری احتجاج کے درمیان کہا کہ یہ قانون واپس نہیں لیا جائے گا۔
سی اے اے کے حق میں رائے عامہ ہموار کرنے کے حکومت کے پروگرام کے ایک جزو کے طور پر لکھنؤ میں ایک جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ میں یہاں اور آج یہ کہہ دینا چاہتا ہوں کہ کتنا ہی احتجاج کیوں نہ کر لیا جائے یہ قانون واپس نہیں لیا جائے گا۔
امیت شاہ نے مزید کہا کہ ہم اپوزیشن سے خوفزدہ نہیں ہیں ہمارا جنم ہی اپوزیشن میں ہوا ہے۔
وزیر داخلہ نے حزب اختلاف کانگریس، ترنمول کانگریس، سماج وادی پارٹی اور بہوجن سماج پارٹی کے رہنماؤں راہل گاندھی، ممتا بنرجی، اکھلیش یادو او رمایا وتی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ممتا دیدی، اکھلیش جی‘راہل بابا اور مایا وتی جی آپ اس قانون پر ملک کے کسی بھی حصہ میں اور کسی بھی پبلک فورم پر مجھ سے بحث کر لیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ حزب اختلاف حقیقت نہیںدیکھ سکتی کیونکہ اس کی آنکھوں پر تو ووٹ بینک سیاست کا پردہ پڑا ہے ۔انہوں نے کہا کانگریس نے ہی ہندوستان کی تقسیم کرائی ہے۔
امیت شاہ نے کہا کہ کانگریس برسوں سے پاکستان سے غیر قانونی در اندازی اور دہشت گردی کی طرف سے آنکھیں موندی رہی ۔عالیہ ، مالیہ جمالیاز پاکستان سے داخل ہوتے رہے اور یہاں بم پھوڑتے رہے اور من موہن سنگھ ”مونی بابا“ نے چوں تک نہ کی۔