کولکاتہ:(اے یوایس) کلکتہ ہائی کورٹ نے ہوڑہ اور دلکھولا اضلاع اور مغربی بنگال کے دیگر حصوں میں رام نومی کے موقع پر ہونے والے تشدد کی تحقیقات کو این آئی اے کو ٹرانسفر کر دیا ہے۔ بنگال میں اس بار رام نومی کے موقع پر 30 مارچ کو ہاوڑہ، شمالی دیناج پور، اسلام پور میں جلوس کے دوران جھڑپیں ہوئی تھیں۔ اس میں ایک نوجوان کی موت ہو گئی تھی۔ اس کے بعد کے دنوں میں ہاوڑہ اور ریسڑہ کے علاوہ کئی دیگر مقامات پر جلوس کے دوران آتش زنی اور تشدد کے واقعات پیش آئے تھے۔ بنگال پولیس نے ان واقعات کے سلسلے میں 116 لوگوں کو گرفتار کیا تھا اور ریاستی حکومت نے تحقیقات سی آئی ڈی کو سونپ دی تھی۔
کلکتہ ہائی کورٹ نے ہنومان جینتی سے پہلے مغربی بنگال کی ممتا بنرجی حکومت سے کہا تھا کہ وہ ریاست میں امن برقرار رکھنے کے لیے مرکزی فورسز کو تعینات کروائیں۔ہائی کورٹ نے بنگال پولیس کو ہدایت دی ہے کہ وہ اس تشدد کی تحقیقات سے متعلق تمام دستاویزات این آئی اے کو سونپے۔ بی جے پی کے ایم ایل اے اور مغربی بنگال قانون ساز اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سوبھیندو ادھیکاری نے کلکتہ ہائی کورٹ میں ایک عرضی دائر کی تھی جس میں ریاست میں رام نومی کے موقع پر ہوئے تشدد کی این آئی اے جانچ کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے تشدد کے بعد ایک بیان میں کہا تھا کہ رام نومی کے جلوس کے لیے “خاص طور پر کسی کمیونٹی کو نشانہ بنانے اور حملہ کرنے کیلئے ایک ایسے راستے کو منتخب کیا گیا جس کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔
تصویر سوشل میڈیا