کابل: اسلامی امارات کے نائب وزیر اعظم دوئم ملا عبدالسلام حنفی کے مطابق گزشتہ 20 سالوں کے دوران استعمال کیے گئے ہتھیاروں نے افغانستان میں صحت اور زراعت کے شعبوں کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ٹیکہ کاری ہفتہ کے موقع پر منعقدہ ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے حنفی نے کہا کہ دیہی علاقوں میں بہت سے لوگ صحتی خدمات تک رسائی سے محروم ہیں۔ انہوں نے(امریکہ و اس کے اتحادی) اس سرزمین میں مختلف قسم کے مہلک و کیمیاوی ہتھیار استعمال کیے ہیں۔ ہمارا زرعی شعبہ بری طرح متاثر ہوا۔
مختلف قسم کے کیمیاوی مواد، جو کسی زہر ہلاہل سے کم نہیں تھا، استعمال کیا گیا۔ ہمارے بچے، خواتین اور ہماری بہنیں مختلف امراض میں مبتلا ہو گئیں۔ حنفی نے مزید کہا کہ یہ بین الاقوامی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ افغانوں کی طرف سے مسلط کردہ جنگوں کے منفی اثرات کے خاتمے میں ان کی مدد کرے۔
صحت عامہ کی وزارت نے کہا کہ وہ جلد ہی ملک بھر میں ویکسینیشن مہم شروع کرے گی۔ صحت عامہ کے قائم مقام وزیر قلندر عباد نے کہا کہ یہ وسیع مہم ایک مسجد سے دوسرے مسجد تک چلائی جائے گی۔ یونیسیف کے ایک اہلکار عبدالقدیر موسیٰ نے کہاکہ وزارت ملک بھر میں شہری اور دیہی علاقوں میں کوویڈ 19 کے خلاف ویکسینیشن مہم بھی شروع کر رہی ہے۔ یہ اس وقت سامنے آیا ہے جب افغانستان میں عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے نمائندے خان زمان نے خسرہ میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا۔
