کیف:(اے یوایس)روس کی جمہوریہ چیچنیا کے کریملن نوازرہ نما رمضان قادروف نے یوکرین پر حملہ کے لیے روسی صدر ولادمیر پوتین کے فیصلے کو درست قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ہر حال میں پوتین کے احکام کو بجا لائیں گے ۔اپنے اس بیان کے ساتھ ہی انہوں نے روسی فوج پرزوردیا ہے کہ وہ یوکرین پر ہر سمت سے حملہ کر کے اپنی کارروائی کو وسعت دے۔قادروف نے اتوار کو اپنے ٹیلی گرام اکاؤنٹ پرایک بیان میں کہا کہ اب ٹھوس فیصلہ کرنے کا وقت آگیا ہے اور یوکرین میں تمام سمتوں سے اورتمام علاقوں میں بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کیا جائے۔انھوں نے کہا کہ میں نے خود باربار دہشت گردوں کے خلاف حکمت عملی تیار کی ہے، لڑائیوں میں حصہ لیا ہے۔ میری سمجھ میں تو یوکرین میں منتخب کردہ حربے اور ہتھکنڈے بہت سست ہیں۔اس طرح تو طویل عرصے تک لڑائی جاری رہ سکتی ہے اور میری نظر میں یہ مو¿ثر نہیں۔
روس نے جمعرات کو یوکرین پربڑا حملہ شروع کیا تھاجس کے نتیجے میں دارالحکومت کیف اوردوسرے شہروں میں دھماکے ہوئے اور فضائی حملوں کے سائرن بج اٹھے تھے۔یوکرین میں روسی حملوں اورجھڑپوں میں اب تک بیسیوں شہری اور فوجی ہلاک ہوچکے ہیں۔رمضان قادروف نے ہفتے کے روز اعلان کیا تھا کہ چیچن جنگجوؤں کویوکرین میں تعینات کردیا گیا ہے۔انھوں نے یوکرینی شہریوں پر زور دیا تھا کہ وہ اپنی حکومت کا تختہ الٹ دیں۔قادروف خود کو”پوتین کا پیادہ سپاہی“قرار دیتے ہیں۔وہ گذشتہ ایک دہائی سے چیچنیا کے حکمران چلے آرہے یں۔ان پرانسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے الزامات عاید کیے جاتے ہیں اور انسانی حقوق کے گروپ ان سے شہری حقوق کی پاسداری کا مطالبہ کرتے رہتے ہیں۔ وہ کریملن کے اہم اتحادی ہیں کیونکہ وہ وسیع پیمانے پرخودمختاری اور فیاضانہ زرتلافی کے ساتھ مسلم اکثریتی علاقے پر حکومت کررہے ہیں اور اس کے بدلے میں روس سے مکمل وفاداری کاعہد کرتے ہیں اوراس کی پاسداری بھی کررہے ہیں۔
