رائے پور(چھتیس گڑھ) : ہند تبت بارڈر پولس(آئی ٹی بی پی) کے اس وقت 6جوان ہلاک اور دو شدید زخمی ہو گئے جب بدھ کی صبح بستر ڈویژن میں انتہاپسندی سے متاثرہ نارائن پور ڈسٹرکٹ میں تعینات آئی ٹی بی پی کے جوانوں میں باہم ٹھن گئی۔

چھتیس گڑھ کے ڈائریکٹرجنرل پولس ڈی ایم اوستھی کے مطابق نارائن پور میں واقع کیمپ میں موجود آئی ٹی بی پی جوانوں کے درمیان کسی بات پر کہا سنی ہو گئی جس نے ہاتھا پائی سے فائرنگ جیسا سنگین رخ ختیار کر لیا۔

ان جوانوں میں سے ایک جوان نے طیش میں آکر اپنی رائفل سے ساتھیوں پر فائرنگ شروع کر دی۔اس کی فائرنگ سے اس کے پانچ ساتھی ہلاک ہو گئے ۔اپنے پانچ ساتھیوں کو موت کے گھاٹ اتارنے کے بعد اس نے بھی خود کو گولی مارلی ۔ اس کی بھی موقع پر ہی موت ہو گئی۔

زخمیوں کو بغرض علاج بذریعہ ہوائی جہاز رائے پور روانہ کر دیا گیا۔ ڈائریکٹر جنرل اوستھی نے مزید کہا کہ پولس انسپکٹر جنرل اور پولس سپرنٹنڈنٹ جائے واردات پہنچ چکے ہیں اور جلد ہی پتہ چل جائے گا کہ آخر جھگڑے کی بنیاد کیا تھی۔ اور اس نے ایسا سنگین رخ کیوں اختیار کر لیا۔

سرکاری ذرائع کے مطابق کانسٹبل مسعود رحمٰن نے،جو مغربی بنگال کے ندیا کا رہائشی تھا،بلاسپور ہماچل پردیش کے ہیڈ کانسٹبل مہندر سنگھ،لدھیانہ پنجاب کے ہیڈ کانسٹبل دلجیت سنگھ، بردوان ،مغربی بنال کے کانسٹبل سرجیت سرکار ،پرولیا بنگال کے بسواروپ مہتو اور کیرل کے کوز کوڈ کے بجیش قریب سے گولی مار کر ہلاک کر دیا۔

اس میں جو دو جوان زخمی ہوئے ہیں اور اسپتال میں زیر علاج ہیں ان کے نام کیرل میں تریوندرم پورا کے کانسٹبلایس بی الاس اور ناگور راجستھان کا کانسٹبل سیتا رام دون ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *