تہران:(اے یو ایس ) اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کے چیف آف جنرل سٹاف میجر جنرل محمد باقری نے ایک اعلی سطحی وفد کے ہمراہ جنرل ہیڈکوارٹرز راولپنڈی کا دورہ کیا۔ جی ایچ کیو آمد پر پاک فوج کے چاق چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔
اس موقع پر انہوں نے یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہداءپاکستان کے لیے دعا کی۔بعد ازاں ایرانی چیف آف جنرل اسٹاف نے پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ”آئی ایس پی آر“ کے مطابق ملاقات کے دوران افغانستان کی صورتحال، علاقائی سلامتی اور بارڈر مینجمنٹ خاص طور پر پاک ایران بارڈر پر باڑ لگانے سمیت کئی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں نے دفاعی تعاون کو مزید بڑھانے اور علاقائی امن کے لیے مل کر کام کرنے اور دہشت گردی کے مشترکہ دشمن کے خلاف مشترکہ ردعمل پر اتفاق کیا۔آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان اور ایران دو برادر ملک ہیں اور علاقائی امن اور استحکام کے لیے ہمارا قریبی تعاون بہت ضروری ہے۔
وفد کی سطح پر اجلاس کے دوران ایرانی وفد کو ایک جامع علاقائی سلامتی کے جائزہ اور آپریشنل اپ ڈیٹ کے علاوہ پاک فوج کے تربیتی نظام بشمول دوست ممالک کے ساتھ تعاون اور مختلف مشترکہ فوجی مشقوں کے انعقاد کے حوالے سے تفصیل بتائی ۔ ایرانی فوجی سربراہ نے خاص طور پر انسداد دہشت گردی اور تربیتی شعبوں میں فوجی اور عسکری تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔