کابل:افغانستان کے ہمسایہ ممالک کا تیسرا اجلاس آئندہ ہفتے چین کے شہر بیجنگ میں ہونے والا ہے جس میں روس، چین، ایران، پاکستان، تاجکستان، ترکمانستان اور ازبکستان کے وزرائے خارجہ شرکت کریں گے۔ افغانستان کے دورے پر آنے والے چینی وزیر خارجہ وانگ یی اور افغان وزیر خارجہ امیر خان متقی کے درمیان گفتگو کے دوران اس اجلاس کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوا۔چینی زارت خارجہ کے مطابق اس اجلاس میں، جس میں افغانستان کو درپیش مسائل و انسانی چیلنجز پر غور و خوض کیا جائے گا، ایران ، تاجکستان، چین ،ازبکستان، ترکمانستان اور پاکستان کے وزراءخارجہ شرکت کریں گے ۔
چینی وزارت خارجہ نے مزید کہا کہ اجلاس میں افغانستان کو انسانی امداد فراہم کرنے اور سیاسی چیلنجز کو حل کرنے کے طریقوں پر توجہ دی جائے گی۔ امارت اسلامیہ کے نائب ترجمان بلال کریمی نے کہا کہ یہ فطری ہے کہ ہمارے ملک کے اہم مسائل بشمول اقتصادی مسائل ہیں، سفارتی تعلقات ہیں اور دیگر شعبوں میں، جو کہ کاروباری اور دیگر شعبے ہیں، ان کے مطالبات کے ساتھ ساتھ ان پر بھی بات کی جائے گی۔روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف کی بھی اس اجلا میں شرکت متوقع ہے ۔
وہ پڑوسی ممالک کے ساتھ انسداد دہشت گردی پر بات کریں گے۔روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا نے کہا کہ “یہ ملاقات افغانستان کو انسانی، سماجی اور اقتصادی امداد کی سمت میں علاقائی کوششوں کے تعاون کے ساتھ ساتھ دہشت گردی اور منشیات کی اسمگلنگ کے خطرے سے نمٹنے کے طریقوں کا موازنہ کرنے کا ایک اچھا موقع فراہم کرتی ہے۔ امارت اسلامیہ کی حکمران حکومت اس اجلاس کو پڑوسی ممالک کے ساتھ امارت اسلامیہ کے تعلقات کو وسعت دینے کے لیے مفید سمجھتی ہے۔
