ریاض:(اے یو ایس) چین کے صدرشی جِن پنگ نے ،جو سعودی عرب کے دورے پر ہیں، جمعرات کے روز الیمامہ محل میں سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیزاورولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی ۔ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے الیمامہ محل میں شاہی دیوان میں صدر شی جن پنگ کا استقبال کیا اور ان کے اعزاز میں باضابطہ استقبالیہ تقریب منعقد کی گئی۔چینی صدر بدھ کے روزسعودی عرب کے تین روزہ دورے پر الریاض پہنچے تھے۔
شاہ سلمان اور صدر شی باہمی ملاقات کے علاوہ سعودی،چین سربراہ اجلاس میں شرکت کرنے والے تھے۔وہ آج جمعہ کو دو دیگر سربراہ اجلاسوں شریک ہوں گے۔ان میں ایک چین، خلیج سربراہ اجلاس اور دوسرا چین،عرب سربراہ اجلاس ہوگا۔ان میں خلیج تعاون کونسل کے ممالک اور عرب ریاستوں کے سربراہان بھی شریک ہوں گے۔دریں اثنا مصر کے صدرعبدالفتاح السیسی چین عرب سربراہ اجلاس میں شرکت کے سلسلے میں جمعرات کو الریاض پہنچ گئے۔
رواں ہفتے کے اوائل میں سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) نے اطلاع دی تھی کہ شی جن پنگ کے دورہ مملکت کے موقع پر110 ارب سعودی ریال (29.26 ارب ڈالر) مالیت کے 20 سے زیادہ ابتدائی معاہدوں پر دستخط کیے جائیں گے۔ایس پی اے نے بدھ کو یہ اطلاع دی تھی کہ صدر شی کے دورے کے آغاز پرسعودی اور چینی کمپنیوں نے سرمایہ کاری کے 34 معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔ان میں سبزتوانائی، سبزہائیڈروجن، فوٹو وولٹک انرجی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، کلاو¿ڈ سروسز، ٹرانسپورٹیشن، لاجسٹکس، میڈیکل انڈسٹریز، ہاو¿سنگ اور کنسٹرکشن کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے سمجھوتے اور معاہدے شامل ہیں۔