نئی دہلی : آج عالمی سطح پر مسیحی برادری نے کرسمس تہوار زور شورو پورے جوش و خروش سے منایا ۔

ہندوستان میں اس موقع پر گرجا گھروں میں دعائیہ تقریبات منعقد ہوئیں اور خون منجمد کردینے اور جسم کے روئیں کھڑے کردینے والی یخ بستہ ہواؤں میں بھی لوگوں کو شبینہ عبادت کے لیے چرچوں کے باہر طویل قطاریں لگائے دیکھا گیا۔

ہندوستان کے مرکزی علاقہ جموں و کشمیر کے دارلخلافہ سری نگر میں بھی شدید سرد جھکڑوں کے باوجود لوگوں کو جوق در جوق چرچ جاتے دیکھا گیا۔

سری نگر میں موجود فوجیوں نے بھی برفیلے سرحدی علاقوں میں دعائیہ تقرایب کر کے اور پھر گیت گا کر کرسمس تقریبات منائیں۔

جموں و کشمیر کے لیفٹننٹ گورنر جی سی مرمو نے جموں و کشمیر میںلوگوں کو کرسمس کی مبارکباد دی اور مرکز کے زیر انتظام علاقہ میں امن و خوشحالی کی دعا کی۔ گلمرگ کے شہرہ آفاق اسکائی ریزارٹ میں بھی کرسمس تقریبات جوش و خروش اور بڑی دھوم دھام سے منائی گئیں۔

مکانات ، چرچوں ، دکانوں ،مالز اور درختوں کو رنگ برنگ برقی قمقموں سے سجیا گیا تھا جس سے فضا میں مختلف رنگ بکھرے ہوئے تھے۔اسکول کرسمس گیتوں سے گونج رہے تھے۔طلبا نے کرسمس درخت بنائے ۔اس موقع پر طلبا کو عیسیٰ مسیح کی پیدائش کے بارے میں بتایا گیا۔

اس موقع پر چرچوں میں ملک کی سلامتی کی بھی دائیں مانگی گئیں۔سینٹا کلاز کے لباس میں ملبوس لوگوں کو طلبا میں چاکلیٹ اور مٹھائیاں تقسیم کرتے دیکھا گیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *