ماسکو(اے یو ایس ) ماسکو اور واشنگٹن کے درمیان غیر معمولی کشیدگی کے درمیان سی آئی اے نے روسی صدر کی پالیسیوں سے ناراض روسیوں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے ملک کی انٹیلی جنس فراہم کریں۔ ٹیلی گرام پر پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو میں روسی صدر کی پالیسیوں سے غیر مطمئن شہریوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔کل شام شائع ہونے والی اس مختصر ویڈیو میں ایک روسی سرکاری ملازم اور اس کی بیوی کو اپنے گھر میں ایک بچے کے ساتھ دکھایا گیا ہے۔ ایسا لگ رہا ہے کہ وہ ایک مشکل زندگی گزار رہے ہیں۔ وہ یہ سوچ رہے ہیں کہ آیا یہ وہ زندگی ہے جس کا ہم نے خواب دیکھا تھا۔اس ویڈیو کلپ میں سی آئی اے کو اہم معلومات فراہم کرکے حب الوطنی کے جذبے کو برقرار رکھتے ہوئے اس ساری صورتحال کو بدلنے کے امکان کی طرف اشارہ کیا گیا ہے۔
ویڈیو میں یہ بھی دکھایا گیا ہے کہ “ٹور” براؤزر کو استعمال کرتے ہوئے “ ڈارک ویب” تک رسائی حاصل کی جائے اور اپنی مواصلات کو خفیہ کرنے کے ٹولز کا استعمال کرکے ایسا کیسے کیا جائے۔ویڈیو میں انکشاف کیا گیا ہے کہ سی آئی اے روس کے بارے میں سچ جاننا چاہتی ہے۔ وہ ایسے قابل اعتماد لوگوں کی تلاش میں ہے جو اسے یہ سچ بتا سکیں۔ بہ بھی کہا گیا ہے کہ آپ کی معلومات آپ کے خیال سے کہیں زیادہ قیمتی ہوسکتی ہیں۔ سی آئی اے انٹیلی جنس، سفارت کاری، سائنس و ٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں میں کارکنوں کے ساتھ بات چیت کرنے کی امید رکھتی ہے۔
واضح رہے کہ سی آئی اے نے ماضی میں دوسرے سوشل نیٹ ورکس کا سہارا لیا تھا لیکن اب وہ ٹیلی گرام پر توجہ مرکوز کر رہی ہے کیونکہ یہ روسیوں کی طرف سے سیاست سے لے کر یوکرین کی جنگ تک کے معاملات کی معلومات حاصل کرنے کے لیے استعمال ہونے والا اہم ذریعہ ہے۔ایک سی آئی اے اہلکار نے زور دے کر کہا کہ ان کا ملک ماسکو میں بغاوت یا حکومت کی تبدیلی کو ہوا دینے کی کوشش نہیں کرتا لیکن اسے امید ہے کہ کچھ روسیوں کو سی آئی اے کے ساتھ تعاون کرکے اپنے ملک کو آگے بڑھنے میں مدد کرنے کا راستہ مل جائے گا۔سی آئی اے اہلکار نے تصدیق کی کہ دیگر سماجی روابط کے پلیٹ فارمز پر بھی اسی طرح کی مہمات چلائی گئی ہیں اور وہ نتیجہ خیز رہی ہیں۔
تصویر سوشل میڈیا