کیپ ٹاؤن: افتتاحی بلے بازوں ڈیوڈ وارنر اور آرون فنچ کی ہاف سنچریوں اور پھر اسٹیو اسمتھ کی 15گیندوں پر30رنز کی طوفانی اننگز کے بعد فاسٹ اور اسپن بولنگ کے ملے جلے اٹیک کی مدد سے آسٹریلیا نے جنوبی افریقہ کو 97رنز سے شکست دے کر تین ٹونٹی ٹونٹی میچوں کی سریز 2-1سے جیت لی۔194ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم پورے20اوور بھی نہ کھیل سکی اور محض15.3اوروں میں 96رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
وان ڈور دوسان 19گیندوں پر 3چوکوں کے ساتھ24اور ہنرچ کلاسان18گیندوں پر ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے22رنز بنا کر نمایاں رہے۔ڈیوڈ ملر نے کوئی باؤنڈر لگائے بغیر 18گیندوں پر15 اور پری ڑٹوریاس نے ایک چھکے کے ساتھ 11رنز بنائے۔ جنوبی افریقہ کے ساتھ بلے باز دہائی کے ہندسہ میں بھی نہیں پہنچ سکے۔آسٹریلیا کی طرف سے فاسٹ بولر مشل اسٹارک اور اسپن بولر آشتون اگار نے 3-3، ایڈم زمپا نے دو اور کمنز اور مشل ماش نے ایک ایک وکٹ لی۔
اسٹارک کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔اس سے قبل جنوبی افریقہ کے ناتجربہ کار کپتان کوئنٹن ڈی کوک نے ٹاس جیت کے پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا لیکن ان کے بولرز کسوٹی پر کھرے نہ اتر سکے اور وارنراور فنچ نے 11اووروں تک جنوبی افریقہ کے بولروں کی ایک نہ چلنے دی اور ان کی ایسی خبر لی کہ دونوں نے محض69گیندوں پر 120رنز بنا کر ہی دم لیا۔ اس اسکور پر وارنر 37گیندوں پر5چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے57رنزا بنا کر آؤٹ ہو گئے انہوں نے نورجےکی گیند پر جو باؤنسر تھا،پل کرنے کی کوشش کی لیکنچوک گئے اور ملر نے شارٹ مڈ وکٹ سے بجلی کی مانند دوڑ کر آتے ہوئے بہترین انداز سے کیچ لپک کر یہ ساجھے داری توڑ دی۔
فنچ یہ جدائی سہہ نہ سکے اور چائنا مین بولر تبریز شمسی کا پہلا اور واحد شکار بن گئے۔ ویسے بھی جنوبی افریقہ کے ہر بولر کی وکٹ پہلی اور واحد ہی رہی۔ فنچ نے 37گیندوں پر55رنز کی اننگز میں6چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ حالانکہ جب تک افتتاحی جوڑی کریز پر تھی اور11.3اوور میں120رنز بن چکے تھے تو ایسا محسوس ہو رہا تھا کہ آسٹریلیا اپنا اسکور250تک لے جانے میں کامیاب ہو جائے گا ۔لیکن جہاں ایک جانب وقفہ وقفہ سے وکٹ گرتی رہیں وہیں شمسی اور اینگیڈی نے رنز کنجوسی سے دیتے ہوئے آسٹریلیا کو 200کا ہندسہ نہیں چھونے دیا ۔
لیکن اس کے بولروں نےآسٹریلیا کے200سے کم کے اسکور کو ہی وننگ اسکور بنا دیا۔ آسٹڑیلیا کی طرف سے دوسرے نمایاں بلے باز اسمتھ تھے جنہوں نے 15گیندوں پر دو چھکوں کے ساتھ 30رنز کا تعاون دے کر اسکور5وکٹ پر193تک پہنچانے میں نمایاں کردار ادا کیا۔