واشنگٹن : ابھی امریکہ کے ایک شہر اٹلانٹا میں مسلح حملہ آور کی فائرنگ میں8افراد کی ہلاکت کو ایک ہفتہ بھی نہیں گذرا تھا کہ ایک اور پر تشدد واردت میںدس افراد ہلاک ہو گئے۔
امریکی ریاست کولوراڈو کی پولیس کے مطابق ایک مسلح شخص کی فائرنگ سے سوپر مارکیٹ میں ایک پولیس اہلکار سمیت کم از کم دس افراد ہلاک ہو گئے ہیں ،اطلاعات کے مطابق عینی شاہدین کی جانب سے اس پوری واردات کو یوٹیوب پر لائیو اسٹریم کیا گیا۔کئی گھنٹوں کے محاصرے کے بعد پولیس نے ایک مشتبہ شخص کو کنگز سپر مارکیٹ سے گرفتار کر لیا ہے۔
بولڈر کاؤنٹی کے ڈسٹرکٹ اٹارنی مائیکل ڈوہتری نے کہا کہ پولس نے گرفتار کر کے شواہد اور عینی شاہدین سے انٹرویو شروع کر دیا تاہم ابھی وہ اس واردات کے پس پشت کارفرما محرک کی تفصیلات حاصل نہیں کر سکی ہے ۔ یہ وقوعہ مقامی وقت کے مطابق پیر کو دن ڈھائی بجے شروع ہوا جب مشتبہ شخص گروسری ا سٹور میں داخل ہوا اور فائرنگ شروع کر دی۔
بعدمیں بولڈر پولس سربراہ میرس ہیرالڈ نے بتایا کہ سب سے پہلے جائے وقعہ پہنچنے والے51سالہ پولس افسر ایرک ٹیلی اس فائرنگ میں مارے گئے۔