نئی دہلی: کانگرس کے سابق صدر راہل گاندھی نے 1971 کی ہند پاک جنگ میں ہندوستان کو شاندار فتح، جو بنگلہ دیش کے قیام کا باعث بن گئی ، دلانے میں ہندوستانی فوج کی بہادری کو سلام عقیدت پیش کیا۔
اس جنگ کے دوران اپنی جانیں قربان کرنے والے ملک کے جانباز سپاہیوں کی شجاعت کا اعتراف اور انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک کی قیادت مضبوط ہاتھوں میں تھی اور ہمسایہ ملک سرحد کی خلاف ورزی کرنے سے ڈرتے تھے۔
مسٹر گاندھی نے ٹویٹ کیا ”سال 1971 میں ہندوستان کی پاکستان پر تاریخی فتح کے جشن کے موقع پر ملک کے باشندوں کو مبارکباد اور فوج کی بہادری کو سلام“۔
انہوں نے کہا”یہ اس وقت کی بات ہے جب ہندوستان کے ہمسایہ ممالک ہندوستان کی اس وقت کی وزیر اعظم مسز اندرا گاندھی کا لوہا مانتے تھے اور ہمارے ملک کی سرحد کی خلاف ورزی کرنے سے ڈرتے تھے“۔
واضح رہے کہ ہندوستان اور پاکستان کے مابین 1971 میں 13 دن جاری رہی اور جب جنگ کے بعد 16 دسمبر کو پاکستانی فوج نے ہندوستانی فوج کے سامنے غیر مشروط ہتھیار ڈال دیے اور بنگلہ دیش کا قیام عمل میں آیا تو اس وقت ملک کی وزیر اعظم محترمہ اندرا گاندھی تھیں۔
