Contact Between Pakistan’s Young Singer Hadia Hashmi And Indian Singer Sonu Nigamتصویر سوشل میڈیا

نئی دہلی:بالی ووڈ کے معروف گلوکار سونو نگم نے حال ہی میں پاکستان کی ننھی گلوکارہ ہادیہ ہاشمی سے ویڈیو کالنگ کے ذریعے رابطہ کیا۔گزشتہ دنوں گلوکار سونو نگم نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کی تھی جس میں ’سونو نگم پاکستانی میوزک شو ’نیس کیفے بیسمنٹ سیزن 5 کا کلام بول ہو‘ سن کر آبدیدہ ہوگئے تھے۔

سونو نگم کی جانب سے شیئر کی جانے والی ویڈیو میں انہوں نے پاکستان کی ننھی گلوکارہ کی تعریف کی تھی اور ان کے کلام کو ایک مثالی شاہکار قرار دیا تھا۔اب سونو نگم نے ننھی گلوکارہ سے رابطہ کیا ہے اور اس حوالے سے ہادیہ ہاشمی نے اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر تفصیل شیئر کی ہے۔

ہادیہ ہاشمی نے اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر پوسٹ شیئر کی جس میں انہوں نے گلوکار سونو نگم سے ویڈیو کال پر بات کرتے ہوئے اسکرین شاٹ شیئر کیے۔ہادیہ ہاشمی نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’گلوکار سونو نگم کے ساتھ ویڈیو کال پر بات چیت ہوئی ہے جو کہ میرا ایک خواب تھا اور اب یہ حقیقت میں تبدیل ہوگیا ہے‘۔ننھی گلوکارہ نے کہا کہ میرے اہلخانہ بے حد خوش ہیں، ہادیہ نے حوصلہ افزائی کرنے پر گلوکار سونو نگم کا شکریہ بھی ادا کیا۔

علاوہ ازیں سونو نگم کی جانب سے نیس کیفے بیسمنٹ کے کلام کی حوصلہ افزائی کرنے پرپاکستان کے معروف پروڈیوسر ذوالفقار جبار (زلفی) نے بھی ان کا شکریہ ادا کیا ۔ذوالفقار جبار کے شکریہ ادا کرنے پر گلوکار نگم کی جانب سے بھی رد عمل سامنے آیا اور سونو نگم نے کہا کہ بس آپ کا ہی نام نہیں لیا تھا، معافی چاہوں گا جو اس پورے سماءکا ذمہ دار تھا، تب تک آپ سے تعارف نہیں ہوا تھا۔

سونو نگم نے کہا کہ واہ واہ واہ کیا خوبصورت کام کیا ہے ذوالفقار آپ نے، خدا آپ کو اور آپ کی ٹیم کو خوش رکھے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *