تہران : ایران کی وزارت صحت کی ترجمان سیما سادات لاری کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد میں مسلسل کمی آ رہی ہے جس سے وبا قابو میں آتی نظر آرہی ہے۔
لاری نے اتوار کے روز اس ضمن میں میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یکم نومبر کے بعد پہلی بار 8000 سے بھی کم کیسز رپورٹ ہوئے ہیں ۔ انہوں نے اس کی مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 7451 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد11 لاکھ 8ہزار269 رہ گئی ہے۔
لاری نے یہ بھی بتایا کہ گذشتہ 24گھنٹے کے دوران کورونا سے مزید 247 افراد کی ہلاکت سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 52ہزار196 ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب تک8لاکھ12ہزار 270 کورونا متاثرین شفایاب ہو چکے ہیں۔
ایران میں 28 نومبر کو ایک دن میں 14 ہزار501کیسز سامنے آئے تھے جو کہ ایک ریکارڈ ہے۔ لیکن اس کے بعد سے کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں بتدریج کمی واقع ہورہی ہے ۔
