بیجنگ : چینی حکام نے عوام کو تلقین کی ہے کہ وہ ووہان شہر کا سفر نہ کریں ۔ یہی وہ شہر ہے جو نئے وائرس مرض کا مرکز ہے اور اس جان لیوا اور متعدی مرض نے اب تک9افراد کو موت کی آغوش میں پہنچا دیا ہے جبکہ سیکڑوں افراد سانس سے متعلق اس مرض میں مبتلا ہیں۔
اس شہر کے 89لاکھ لوگوں کو بھی مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ بھیڑ بھاڑ والے علاقوں میں جانے سے بچیں۔یہ نیا وائرس ووہان سے چین کے کئی صوبوں میں پھیل گیا ہے۔یہاں تک کہ امریکہ ،تھائی لینڈ،جاپان اور جنوبی کوریا میں بھی یہ وائرس داخل ہوگیا ہے۔
اور امریکہ میں کورونا وائرس سے ایک شخص کی موت ہوجانے کی بھی تصدیق کیجا چکی ہے ۔جبکہ چین میں 450سے زائد افراد اس مرض سے متاثر ہیں۔ یہ وائرس چین کے بڑے شہروں بیجنگ اور شنگھائی میں بھی اپنے پاؤں جما چکا ہے۔یہ مرض سارس (SARS)نام کے اس مرض کی دوسری شکل ہے جو 2002میں پھیلا تھا۔
نیشنل ہیلتھ کمیشن کے نائب وزیر لی بین نے یہ وبا پھوٹ پڑنے کے بعد عوام سے پہلی بار خطاب کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ ووہان نہ جائیں اور ووہان کے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ ووہان سے باہر نہ نکلیں او بھیڑ بھاڑ والے علاقوں سے بچیں۔ دریں اثنا پاکستان میں بھی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔