بیجنگ: چین میں کوروناوائرس سے ہونے والی اموات کی تعداد بڑھ کر170ہو گئی۔ تبت میں بھی کوروناوائرس مریض کا علم ہوا ہے جس سے اس امر کی تصدیق ہوتی ہے کہ چین کے ہر خطہ میںیہ وائرس پھیل گیا ہے۔

چینی محکمہ صحت کے حکام کے مطابق 29جنوری تک ملک میں کوروناوائرس کے 7711کیسوں کی تصدیق کی جا چکی ہے۔علاوہ ازیں اس وائر س نے کم و بیش15ممالک تک رسائی حاصل کر لی ہے۔

عالمی صحت تنظیم (ڈبلیو ایچ او) نے کوروناوائرس کے حوالے سے اجلاس طلب کر لیا ہے جس میں طے کیا جائے گا کہ کیا یہ وائرس عالمی سطح پر الرٹ جاری کرنے کا متقاضی ہے۔

تنظیم کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروز ادھانوم گیبریسوس نے کہا کہ اس وائرس کے پھیلاؤ خاص طور پر کچھ ممالک میں انسان سے انسان میں منتقلی سے تنظیم کو تشویش ہے۔

اس ضمن میں انہوں نے جرمنی، ویتنام اور جاپان کا نام لیا جہاں کئی لوگوں میں چین سے آنے والوں سے یہ وائرس منتقل ہو گیا۔

بتایا جاتا ہے کہ 2000میں سارس(SARS)کی بیماری میں اتنے لوگ مبتلا نہیں ہوئے تھے جتنے کہ اس وقت چین میں کوروناوائرس میں مبتلا ہیں۔لیکن اس مرض سے ہونے والی اموات کی تعداد سارس سے ہونے والی ہلاکتوں کی بہ نسبت بہت کم ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *