نئی دہلی: چین کے صوبہ ہوبئی کے شہر ووہان سے ابھر کر عالمی سطح پر وبا کی شکل اختیار کرلینے والے کورونا وائرس نے اب ہندوستان میں بھی اپنے پیر جمانا شروع کر دیے اور گذشتہ24گھنٹے کے دوران ہندوستان میں کورونا وائرس کے مزید24نئے کیس سامنے آنے سے ملک گیر پیمانے پر کورونا وائرس کیسوں کی تعداد بڑھ کر131ہو گئی۔جس میں مہاراشٹر کی ایک تین سالہ بچی بھی شامل ہے۔جبکہ اس مرض میں مبتلا ہو کر اب تک تین افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ملک میں تیسری موت مہاراشٹر کے دارالخلافہ ممبئی کے کستوربا اسپتال میں منگل کے روز ہوئی ۔ کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والی ریاست مہاراشٹر ہے جہاں اس مرض کے 39تصدیق شدہ کیس ہیں۔ نوی ممبئی اور ایوت محل میں کورونا وائرس کے پانچ نئے معاملات سامنے آئے ہیں۔ ممبئی میں پولس دفعہ 144کے تحت امتناعی احکامات جاری کر چکی ہے۔مہاراشٹر میں سب سے زیادہ متاثر شہر پنے ہے جہاں اب تک16کیسز سامنے آچکے ہیں۔اس مرض سے لوگوں کو محفوظ رکھنے اور مرض کو مزید پھیلنے سے روکنے کے لیے ریلوے نے سخت اقدامات کرتے ہوئے ممبئی، پنے ،بھساول اور شولا پور ڈویژن میں تاحکم ثانی پلیٹ فارم ٹکٹ کے نرخ دس روپے سے بڑھا کر50روپے کر دیے ہیں۔اترپردیش میں منگل سے 2اپریل تک تمام تعلیمی ادارے، سنیما گھر اور سیاحتی مقامات بند کر دیے گئے۔ اتر پردیش کے شہر نوئیڈا میں اس مرض کے مزید دو نئے کیس سامنے آئے ہیں ۔دونوں میں کورونا وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہو گئی ہے۔ان دونوں کو ان کے گھر والوں کے ساتھ قرنطینہ کر دیا گیا۔مہاراشٹر اور گوا سرحد پر چوکیاں قائم کر دی گئی ہیں جہاں دونوں طرف سے آنے جانے والوں کی اسکریننگ کی جا رہی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *