نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ اس سال کورونا وائرس کی زد میں آنے سے بچنے کے لیے انہوں نے کسی بھی ہولی ملن تقریب میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کے ماہرین نے موذی کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے اجتماعی تقریبات و پروگراموں سے اجتناب برتنے کا مشورہ دیا ہے۔لہٰذا وہ ان مشوروں کو مدنظر رکھتے ہوئے اس سال کسی ہولی ملن پروگرام میں شرکت کرنے سے قاصر ہیں۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ کیرل کے بعد ہندوستان میں تلنگانہ، راجستھان اور دہلی میں تین کورونا وائرس کیس پائے جانے سے ہندوستان میں کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد6ہو گئی ہے۔

دریں اثنا دہلی پہنچنے والے15اطالوی سیاحوں میں ،جنہیں دہلی میں ہند تبت سرحدی پولس کے زیر انتظام ایک دور افتادہ اور الگ تھلگ مقام پر پر رکھا گیا ہے،کوروناوائرس پائے جانے کا شبہ ہے۔

انہیں طبئی قید میں رکھنے کے بعد جانچ کے لیے ان کے خون کے نمونے پنے میں نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ویرولہجی بھیج دیے گئے ہیں اور وہاں سے ان کی رپورٹ کا انتظار ہے تاکہ ان سیاحوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو سکے۔

اترپردیش کے نوئیڈا کے گوتم بدھ نگر کے ضلع مجسٹریٹ نے کہا کہ دہلی کے ایک شخص کے ، جس میں کوروناوائرس ٹسٹ پوزیٹیو پایا گیاتھا، بیٹے کی سالگرہ پارٹی میں جن چھ اسکولی بچوں نے شرکت کی تھی ان میں کورونا وائرس ہونے کی تصدیق نہیں ہوئی اور ان کے ٹسٹ نگیٹیو رہے۔

لیکن اس سالگرہ منانے والے بچے کے اسکول کے28طلبا کو احتیاطی تدابیر کے طور پر ایک الگ تھلگ مقام پر رکھا گیا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *