ریاض: ( اے یو ایس) سعودی عرب نے گذشتہ 24 گھنٹے میں کووےڈ19 کے 348 نئے کیسوں کی تصدیق کی اطلاع دی ہے جبکہ چار مریض وفات پا گئے ہیں اور پہلے سے اس مہلک وائرس کا شکار 247 مریض صحت یاب ہوگئے ہیں۔سعودی وزارتِ صحت کے مطابق مملکت میں اب تک کووِڈ-19 سے 6567 افراد وفات پاچکے ہیں اور اتوار کواس وائرس کے فعال کیسوں کی تعداد 3137 تھی۔سعودی عرب میں کروناوائرس سے بچاو¿ کے لیے مفت ویکسین لگانے کی مہم بھی زور شور جاری ہے۔
وزارت صحت نے ہفتے کے روز 20 لاکھ سے زیادہ افراد کو ویکسین لگانے کی اطلاع دی تھی۔وزارت صحت نے ملک بھر میں کرونا وائرس کی ویکسین لگانے کے لیے 500 سے زیادہ مراکز قائم کیے ہیں۔سعودی شہری اور تارکین وطن وزارت کی ’صحتی ایپ‘ پر ویکسین لگوانے کے لیے اپنے ناموں کا اندراج کراسکتے ہیں۔سعودی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمدالعبدالعالی نے سعودی شہریوں اور تارکِ وطن مکینوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ صحتی ایپ پر اپنے ناموں کا اندراج کرائیں تاکہ انھیں دستیاب ویکسینوں میں سے کسی ایک کے انجیکشن لگائے جاسکیں۔
انھوں نے واضح کیا ہے کہ مملکت میں منظورشدہ ویکسینیں مو¿ثر اور محفوظ ہیں اور ان کے اب تک کوئی ضمنی اثرات سامنے نہیں آئے ہیں۔وزارتِ صحت نے گذشتہ بدھ کو کروناوائرس کی ویکسین لگانے کی قومی مہم میں توسیع کا اعلان کیا تھا اوراب اس میں ملکی آبادی کے تمام طبقات کو شامل کیا جارہا ہے۔ پہلے صرف عمر کے مخصوص گروپوں اور کرونا وائرس کے خلاف جنگ میں محاذِاوّل پر کردار ادا کرنے والے کارکنوں کو ویکسین لگائی جارہی تھی۔سعودی حکام کے مطابق اب تک ترجیحی گروپوں سے تعلق رکھنے والے تمام لوگوں کو ویکسین لگائی جاچکی ہے اور اسی وجہ سے اب وزارتِ صحت دوسرے گروپوں کو بھی کرونا وائرس سے بچانے کے لیے ویکسین لگا رہی ہے۔