واشنگٹن:پنٹاگون کے ایک سینیئر اہلکار نے کہا کہ ان کے انٹیلی جنس جائزوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ داعش چھ ماہ میں امریکہ پر حملہ کرنے کی صلاحیت کی حامل ہو جائے گی ۔سیاسی امور کے نائب وزیر دفاع کولن کاہل نے امریکی کانگریس کو بتایا کہ امریکہ پر حملہ کرنے کی ضروری صلاحیت حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ داعش حملہ کرنے کا بھی ارادہ رکھتی ہے۔
کولن نے یہ بھی کہا کہ طالبان داعش کو دبانے کے لیے کوشاں تھے لیکن یہ واضح نہیں تھا کہ آیا وہ داعش کو تباہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ طالبان داعش کے دشمن ہیں اور داعش کو تباہ کرنا طالبان کا بڑا مقصد ہے۔ لیکن ان میں اس کام کی صلاحیت کتنی ہے اس کو ابھی دیکھنا ہے ۔ کولن کے مطابق افغانستان میں داعش کے کئی ہزار جنگجو موجود ہیں۔قبل ازیں قائم مقام وزیر خارجہ امیر خان متقی نے کہا کہ داعش کے انتہاپسندوں سے درپیش خطرات سے نمٹنا ہوگا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ افغانستان کو کسی بھی ملک کے خلاف کارروائی کا اڈہ نہیں بننے دیا جائے گا۔پینٹاگون کا یہ تبصرہ ایسے وقت میں آیا ہے جب امارت اسلامیہ کے حکام نے بارہا کہا ہے کہ وہ افغان سرزمین پر کسی کو یا کسی گروپ کو دوسرے ممالک کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔کولن کے مطابق، القاعدہ داعش کی طرح سنگین خطرہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ القاعدہ کو امریکہ پر حملے کرنے کی صلاحیت حاصل کرنے میں تقریباً ایک سے دو سال لگیں گے۔
