یروشلم :اسرائیل کے دائیں بازو کے وزیر دفاع نفتالی بینی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اسرائیل نے مغربی کنارے میں تقریباً1800نو آباد باشندوں کے مکانات کی منظور ی دے دی ۔
اسرائیل کے اس اقدام کو سیاسی حلقوں میں کافی اہمیت دی جارہی ہے کیونکہ وزیر دفاع نے یہ اعلان اسرائیل میں ہونے والے عام انتخابات سے عین چار روز قبل کیا ہے۔
وزارت دفاع نے کہا کہ وزیر دفاع کی تجویز کے مطابق ایک منصوبہ ساز کمیٹی نے 1800مکانات کی تعمیر کی منظوری دے دی جو ایک تخمینہ کے مطابق ان مکانات کی تعمیر پر آنے والی ممکنہ لاگت سے کچھ کم میں ہی تعمیر ہو جائیں گے۔
بینیٹ نے ایک بیان میں کہا کہ ”ہمانتظار نہیں کرتے، عمل کرتے ہیں۔ ہم اسرائیل کی ایک انچ زمین بھی عربوں کو نہیں دیں گے بلکہ اس کے بجائے ہم وہاں نو آباد کار اسرائیلیوں کے لیے مکانات کی تعمیر کریں گے۔نو آبادیات مخالف این جی او پیس ناؤ نے کہا ہے کہ 1739اکائیاں بنانے کا ہدف ہے جس میں سے92فیصد مغربی کنارے میں بہت اندر جا کر ہیں۔
پیس ناؤ نے مزید کہا کہ اس کے علاوہ مغربی کنارے کے قلقلیہ کے قریب علیحدہ سے ایک نیا انڈسٹریل پارک بھی منظور کیا گیا ہے۔
مغربی کنارے کے نو آباد رہائشیوں کی نمائندگی کرنے والی ییشا کونسل (Yesha council) نے وزیر دفاع کے اس اعلان کا تہہ دل سے خیرمقدم کیا۔