سری نگر: جموں وکشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے منگل کو ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل الیکشن کے نتائج اور رجحانات کو بی جے پی اور اس کی پراکسی سیاسی پارٹی کے لئے آنکھیں کھولنے والا بتایا اور کہا کہ لوگوں نے ریاست کے خصوصی درجے کو ختم کرنے کے فیصلے کو مسترد کردیا ہے۔
نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے پی ٹی آئی – بھاشا سے کہا ہے کہ نتائج اور رجحانات گپکار (اتحاد)کے لئے ایک انتہائی اہم حصولیابی ہے اور وہ اس نظریے کی حمایت کرتے ہیں کہ سابقہ ریاست جموں وکشمیر کا خصوصی درجہ ہٹانے اور اسے مرکز کے زیرانتظام ریاست میں تبدیل کرنے کے فیصلے کو لوگوں نے قبول نہیں کیا ہے۔
عمر عبداللہ نے کہا کہ اب اگر بی جے پی اور اس کی پراکسی سیاسی جماعت جمہوریت میں یقین کرتی ہے، جیسا کہ انہوں نے کہا ہے، تو انہیں فورا اپنا فیصلہ واپس لینا چاہئے اور اس علاقے کے لوگوں کے فیصلے کا احترام کرنا چاہئے۔نیشنل کانفرنس نے کہا کہ بی جے پی نے ڈی ڈی سی الیکشن میں انتخابی تشہیر کے لئے کئی مرکزی وزرا اور لیڈروں کو یہاں بھیجا تھا۔ مجھے امید ہے کہ وہ لوگوں کی خواہش کو سمجھ گئے ہوں گے۔
مرکز نے گزشتہ سال 5 اگست کو جموں وکشمیر ریاست کے خصوصی درجے کو ختم کردیا تھا اور اسے جموں وکشمیر اور لداخ کے طور پر مرکز کے زیر انتظام دو خطوں میں تقسیم کردیا تھا۔واضح رہے کہ جموں کشمیر میں ڈی ڈی سی الیکشن کے نتائج بنگلوار کو سامنے آئے جس میں گپکار اتحاد کے امیدواروں نے 112 سیٹوں پر جیت حاصل کی ہے جبکہ کشمیر وادی کی 3 سیٹوں کے ساتھ 70 سیٹوں پر بی جے پی کو جیت ملی۔
پیپلز الائنس فار گپکار ڈکلیرس )گپکار اتحاد( سب سے بڑے اتحاد کے طور پرابھر کر سامنے آیا ہے۔40 سے زیادہ آزاد امیدواروں نے جیت حاصل کی ہے۔ آزاد امیدواروں میں زیادہ تر ایسے لیڈران ہیں، جو اپنی پارٹی سے ناراض ہوکر آزاد امیدوار کے طور پر الیکشن لڑ رہے تھے۔