شنگھائی: چین میں ہلاکت خیز وبا کی شکل اختیار کرنے والے کورونا وائرس سے ہونے والی موت نے ملک کے دارالخلافہ بیجنگ میں بھی دستک دے دی ہے جہاں ایک شخص اس مرض کا شکار ہو کر دم توڑ یا جس سے اس مرض میں مبتلا ہو کر ہلاک شدگان کی تعداد بڑھ کر 106 اور اس مرض سے متاثرہ لوگوں کی تعداد بڑھ کر4515ہو گئی۔
کورونا وائرس کے چین سے باہر بھی دیگر ممالک میں سرایت کرجانے کے باعث کئی ملکوں میں بھی الرٹ جاری کر دیا گیا۔
امریکہ نے اپنے شہریوں کو چین نہ جانے کی تلقین کی ہے ۔اسی کے ساتھ دنیا کی دوسری سب سے بڑی اقتصادی طاقت پر کرونا وائرس کی کاری ضرب لگنے کے باعث حصص بازار میں بھی زبردست مندی دکھائی دے رہی ہے اور شئیر بازار ایک بار پھر لڑھک گیا۔
چینی سوشل میڈیا پر بڑھتی تشویش کے درمیان نیشنل ہیلتھ کمیشن نے ایک بیان میں کہا کہ سوائے چھ کے باقی سب ہلاکتیں ہبوئی صوبہ کے ووان میں نامعلوم فلو جیسے وائرس سے ہوئی ہیں۔ اگرچہ دیگر ممالک میں بھی یہ وارس داخل ہو چکا ہے لیکن کہیں سے کسی کے مرنے کی خبر نہیں ہے۔
بیشتر ممالک خاص طور پر ہانگ کانگ،جاپان، تھائی لینڈ اور ملیشیا نے احتیاطی تدابیر کے طور پر ملازمین کو گھر سے ہی کام کرنے کہا ہے اور منگولیا نے چین سے متصل اپنی سرحد بند کردی۔ علاوہ ازیں جرمنی اور کمبوڈیا میں بھی کورونا وائرس پہنچ گیا ہے۔