نئی دہی: قومی دارالخلافہ کے شمال مشرقی دہلی علاقہ کی تمام مسجدوں سے علاقہ کے لوگوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ متحد رہیں اور کسی افواہ کے بہکاوے میں نہ آئیں۔
اپیل میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ کسی بھی مشتبہ شخص /افراد کو دیکھ کر حکام کو مطلع کریں اور پولس سے تعاون کریں۔ نیز ہنگامی حالات میں 112پر کال کریں۔
مقامی لوگوں سے یہ اپیل بھی کی گئی ہے کہ واٹس اپ پر موصول شر انگیز یا فتنہ فساد کی بنیاد بننے والے پیغام کو فارورڈ کرنے سے پہلے اس کی تصدیق کر لیں کہ اس میں کہاں تک صداقت ہے۔
اور کہیں وہ اشتعال پھیلانے اور پیدا کرنے کے مقصد سے پھیلائی گئی افواہ تو نہیں ہے۔
دریں اثنا دہلی کے محکمہ صحت کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ فرقہ وارانہ تشد میں ہلاک شدگان کی تعدا بڑھ کر39ہو گئی ہے جبکہ جعفر آباد، موج پور، چاند باغ، خوریجی خاص ، بھجن پورہ، مصطفےٰ آباد اور کراول نگر سمیت کئی علاقوں میں پھوٹ پڑنے والے تشدد میں200افراد زخمی ہوئے ہیں۔
متاثرہ علاقوں میں نیم فوجی دستوں کے تقریباً7000 اہلکار تعینات ہیں ۔ ان علاقوں میں امن قائم رکھنے کے لیے دہلی پولس کے بھی سیکڑوں جوان گشت کر رہے ہیں۔