نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کے روز ‘من کی بات’ میں’ فلائنگ سکھ‘ ملکھا سنگھ کو یاد کیا اور اولمپک کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی۔ اس کے ساتھ ہی ، شہریوں کو خبردار کیا کہ وہ یہ سمجھنے میں غلطی نہ کریں کہ کورونا وائرس کی عالمی وبا ختم ہوگئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ وائرس اپنی شکل بدلتا ہے ، لہٰذا اس سے بچنے کا واحد طریقہ یہ ہے کہ کورونا وائرس کے متعلق تمام پروٹوکول کی پیروی کریں اور ویکسین لگوائیں وزیر اعظم نے ویکسین سے متعلق لوگوں کے خوف کو دور کرنے کی کوشش کی اور ان سے اپیل کی کہ وہ الجھن میں نہ پڑیں اور افواہوں پر توجہ نہ دیں۔
واضح ہوکہ کورونا وائرس کی دوسری لہر کے درمیان وزیر اعظم نریندر مودی کا اتوار کو صبح 11 بجے ‘من کی بات’ پروگرام کا 78 واں ایڈیشن تھا۔ اس پروگرام سے کچھ دیر قبل کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے ویکسینیشن کے حوالے سے وزیر اعظم پر طنز کرتے ہوئے کہا تھا کہ بس ہر ہم وطن کے لوگوں تک ویکسین پہنچا دیجئے پھر چاہے ‘من کی بات’ سنا دیجئے۔