نئی دہلی: وزیراعظم نریندر مودی نے کل کہا کہ ملک میں کورونا جس ہولناک رفتار سے پھیل رہا ہے، وہ باعث تشویش ہے ، لیکن ہر کسی کو سیاست سے اوپر اٹھ کر اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے متحد ہو کر تیزی سے قدم اٹھانے ہوں گے۔ کیونکہ تھوڑی سی بھی ڈھیل خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔ کورونا کی دوسری لہر کے تیز رفتار سے ملک کے زیادہ تر حصوں کو اپنی زد میں لینے کے پیش نظر وزیراعظم نے جمعرات کی شام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے وزرائے اعلیٰ کے ساتھ موجودہ صورتحال اور کورونا ٹیکہ کاری کی مہم کا جائزہ لیا۔
مودی نے کہا کہ لوگ حد سے زیادہ لاپرواہ ہوگئے ہیں۔ اور کچھ ریاستوں میں کورونا کیسز تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔دنیا بھر کے ممالک نے ویکسینیشن کے لئے جو معیار طے کیا ہے وہی معیار ہندوستان میں بھی ہیں۔جو ویکسین ہمارے پاس موجود ہے ہمیں اسے ترجیح دینی ہوگی۔ ویکسین کا ضیاع روکنا ضروری ہے۔ وزیر اعظم نے کہا ، ہماری توجہ مائیکرو کنٹینمنٹ زون پر ہونی چاہئے ، جس پر سب سے زیادہ توجہ مرکوز رکھنی ہوگی۔ ایسا نہیں ہے کہ اگر کوئی مریض مل جائے تو پوری عمارت یا علاقے کو سیل کردیں۔ ہر چیز کو روکنے کا یہ ایک بہت ہی آسان طریقہ ہے۔ لیکن اگر ہمیں عمارت میں کوئی کیس مل جاتا ہے تو ہم نیچے کی دو منزلوں پر بھی کر سکتے ہیں۔
دریں اثنا وزیر اعظم نے ، جنہوں نے دہلی میں واقع آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس میں کووڈ۔19 ویکسین کی دوسری خوراک لی ،عوام سے اپیل کی کہ آپ لو گ بھی جلد ویکسین لیجیے۔اس سے 37 دن قبل انہوں نے ویکسین کی پہلی خوراک حاصل کی تھی۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ وزیر اعظم مودی نے یکم مارچ کو کورونا ویکسین کی پہلی خوارک حاصل کی تھی،اسی دن ملک بھر میں ویکسینیشن کی دوسری مہم شروع کی گئی۔جس کے تحت 60 برس سے اوپر افراد اور 45 برس کے ایسے شہری جو مختلف بیماریوں میں مبتلا ہے،انھیں ویکسین دی گئی اپنی ویکسینیشن کی ایک تصویر کو ٹویٹ کرتے ہوئے وزیراعظم مودی نے کہا کہ ’کورونا وائرس کو شکست دینے کے چند طریقوں میں کوویڈ شاٹ بھی شامل ہے‘۔
