نئی دہلی: میڈیکل کونسل آف انڈیا (ایم سی آئی) نے ایک سرکلر جاری کر کے ان ڈاکٹروں کے ہندوستان میں پریکٹس کرنے پر پابندی عائد کر دی ہے جنہوں نے ہندوستان میں اپنا مطب چلانے کے لیے پاکستان مقبوضہ جموں و کشمیر اور لداخ (پی او جے کے ایل)سے ڈگری لی ہے۔
ایم سی آئی سے جاری ایک پبلک نوٹس میں کہا گیا ہے کہ جموں و کشمیر اور لداخ کے تمام علاقے ہندوستان کے اٹوٹ حصہ ہیں ۔
پاکستان اس علاقہ کے ایک حصہ پر غیر قانونی طور پر قابض ہے۔ لہٰذا پاکستان مقبوضہ کشمیر اور لداخ کے کسی بھی میڈیکل انسٹی ٹیوٹ کو آئی ایم سی قانون مجریہ 1956کے تحت پریکٹس کے لیے اجازت لینا ہوگی۔
اس قسم کی کی اجازت پاکستان مقبوضہ جموں و کشمیر اور لداخ میں کسی میڈیکل کالج کو نہ دی گئی ہے اور نہ ہی اسے تسلیم کیا گیا ہے۔
اس لیے ہندوستان کے ان علاقوں میں ،جن پر پاکستان نے غیر قانونی طور پر قبضہ کر رکھا ہے ،واقع میڈیکل کالجوں سے کسی شخص نے ڈگری لے رکھی ہے تو اسے اندراج کا استحقاق حاصل نہیں ہوگا۔
کیونکہ یہ ڈگری کسی تسلیم شدہ ادارے کی نہیں سمجھی جائے گی۔اس ضمن میں مرکزی وزیر ڈاکٹر جتندر سنہا نے بھی ٹوئیٹ کر کے اس کی تصدیق کی۔