مانچسٹر : افتتاحی بلے باز ڈوم سبلی اور آل راؤنڈر بین اسٹوکس کی شاندا رہاف سنچریوں اور ان دونون کے درمیان چوتھے وکٹ کے لیے 126رنز کی غیر مفتوح رفاقت کی مدد سے انگلستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز کا کھیل ختم ہونے تک تین وکٹ پر207رنز بنا لیے۔
اگرچہ ایک موقع پر انگلستان کی ٹیم اس وقت زبردست مشکلات سے دوچار ہو گئی تھی جب اس کے تین چوٹی کے بلے باز بشمول کپتان جو روٹ 81رنز پر پویلین لوٹ چکے تھے۔ لیکن سبلی نے اسٹوکس کے ساتھ مل کر اننگز کو سنبھالا اور 253گیندوں کا سامنا کر کے 4چوکوں کی مدد سے86رنز بنائے۔
جبکہ اسٹوکس نے 159بال کھیل کر 59رنز بنائے جس میں ان کے چار چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ انگلستان کی اننگز کو 14ویں اوور میں آف اسپنر روسٹن چیز نے لگاتار گیندوں پر رونی برنز اور زیک کرالی کو پویلین کی راہ دکھا کر لڑکھڑایا ۔ اس وقت انگلستان کا مجوعی اسکور29رنز تھا ۔
لیکن چیز کی ہیٹ ٹرک بال کو کپتان جو روٹ نے بالکل بھی نہیں چھیڑا اور اسے انہوں نے اپنی ران پر لگنے دیا۔جس سے نہ صرف چیز ہیٹ ٹرک سے محروم ہو گئے بلکہ روٹ سبلی کے ساتھ تیسرے وکٹ کے لیے ہاف سنچری پارٹنر شپ کر کے اننگز کو سنبھالنے کی بنیاد ڈال گئے۔
روٹ نے 49گیندوں پر دو چوکوں کی مدد سے23رنز بنائے۔ انگلستان کی جانب سے چیز دو وکٹ لے کر کامیاب بولر رہے جبکہ روٹ کو فاسٹ بولر الزاری جوزف نے سلپ میں کپتان جیسن ہولڈر کے ہاتھوں کیچ آو¿ٹ کراد یا۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ جوزف نے گذشتہ پانچ اننگز میں یہ چوتھی بار روٹ کو آو¿ٹ کیا ہے۔
