علی گڑھ:معروف استاد شاعر ڈاکٹر الیاس نوید گنوری کو ریاستی زرعی و صنعتی نمائش علی گڑھ میںآذر اکیڈمی علی گڑھ کی جانب سے منعقدہ ایک پروگرام میں ”بابائے اردو“ کے ایوارڈ سے نوازے جانے پر علی گڑھ کی مختلف ادبی انجمنوں نے اظہارِ مسرت کیا ۔اس سلسلے سے ہلال ہاﺅس نگلہ ملاح سول لائن علی گڑھ میں ایک تہنیتی نشست کا انعقاد عمل میں آیا جس میں علی گڑھ اور بیرونِ علی گڑھ کی علمی و ادبی انجمنوں کے اراکین نے شرکت کی ۔
پروگرام کی صدارت علامہ قیصر اکیڈمی کے بانی و صدر ڈاکٹر رضی امروہوی نے کی مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے انگریزی زبان و ادب کے معروف شاعر و ناقد اور یونایٹڈ اسپرٹ آف رائٹرس علی گڑھ انڈیا کے صدر ڈاکٹر شجاعت حسین نے شرکت کی نظامت کے فرائض انجمنِ محبانِ اردو علی گڑھ کے سکریٹری محمد عادل فراز نے انجام دئیے۔اس موقع پر پروگرام کے کنوینر ڈاکٹر ہلال نقوی نے کہا کہ”آج کا پروگرام جس شخصیت کے اعزاز میں رکھا گیا ہے وہ ڈاکٹر الیاس نوید گنوری ہیںبلا شبہ ڈاکٹر موصوف نے جو اردو زبان و ادب کی خدمت عصرِ حاضر میں انجام دی ہے وہ قابلِ تعریف ہے۔اس مصروف زندگی میں شاعری کے لئے وقت نکالنا اور طلباءکی تربیت کرنا ہر کسی کے بس میں نہیں لیکن ڈاکٹر الیا س نویدگنوری نے اپنی زندگی کو ادب کے نام وقف کر رکھا ہے جو ایک بڑی بات ہے۔
علی گڑھ نمائش میں ان کی ادبی خدمات کو دیکھتے ہوئے انھیں آذر اکیڈمی کی جانب سے ایوارڈ اور بابائے اردو کے خطاب سے نوازا گیا جو تمام اہل ادب کے لئے مسرت کی بات ہے جس کے لئے مشرف حسین محضر اور مبین پتر کار قابلِ ستائش ہیں کہ انھوں نے ایک علمی شخصیت کی علمی کاوشوں کا اعتراف کرتے ہوئے اعزازسے نوازا“۔
پروگرام کے صدر ڈاکٹر رضی امروہوی نے کہا کہ”ہم دیکھتے ہیں کہ بہت سے لوگ فن کے میدان میں بہت ممتاز ہوتے ہیں لیکن ان کی شخصیت متاثر کن نہیں ہوتی لیکن ڈاکٹر الیاس نوید گنوری ایک ایسے شاعر ہیں جو ایک منفرد فنکار ہونے کے ساتھ ساتھ ایک مخلص اور خوش مزاج شخصیت بھی ہیں یہی وجہ ہے کہ آپ کی شخصیت سے اہلِ ادب متاثر نظر آتے ہیںاور اگر ان کی شاعری کی بات کی جائے توان کی شاعری میں آج کا ماحول سانس لیتا ہوا نظر آتا ہے اس میں عصرِ حاضر کا دل دھڑکتا ہے وہ اپنے اطراف کی مکمل تصویر پیش کرتے ہیں۔ان کی شاعری میں ادق الفاظ نہیں پائے جاتے بلکہ آسان اور عام فہم انداز میں ان کی شاعری دلوں پر اثر قائم کرتی ہے میں آذر اکیڈمی کی جانب سے انھیں نوازے جانے پر دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں اور ساتھ ہی مشرف حسین محضر کی بھی تعریف کرتا ہوں کہ انھوں نے ادب کے سچے خادم کی پزیرائی کی“۔
ڈاکٹر شجاعت حسین نے کہا کہ”شاعری کا فن آسان نہیں یہ خداداد ملکہ ہے یہ وہ فن ہے جس سے پتھر بھی موم ہو جاتے ہیں اور انقلاب برپا ہوجاتے ہیں اگر شاعری اصلاحی ہو تو سماج و کائنات کو ترقی ملتی ہے۔جب ہم ڈاکٹرالیاس نوید گنوری کی شاعری پڑھتے ہیں یا سنتے ہیں تو ہمیں اس بات کا بھر پور احساس ہوتا ہے کہ اس شاعری کا لہجہ خوابیدہ اذہان کو بیدار کرنے میں معاون نظر آتا ہے۔یہ وہ شاعری ہے جس میں سماج کی برائیوں کی طرف علامتوں اور استعاروں کے ذریعے سے اشارہ کیا جاتا ہے جس سے شاعری کاہنر بھی برقرار رہتا ہے اور ادب شناس شعر کے قالب میں اتر کر اس کا مقصد بھی سمجھ لیتے ہیں ان کو علی گڑھ نمائش کے پروگرام میں ایوارڈ سے نوازنا آذر اکیڈمی علی گڑھ کا ایک خوبصورت قدم ہے کیونکہ اس سے نئی نسلیں متاثر ہوں گی اور ادب کی تخلیق میں اضافہ بھی ہوگا“۔
سید محمد عادل فراز نے کہا کہ”استاد الشعراءڈاکٹر الیاس نوید گنوری آج کے دور میں جس طرح اردو ادب کی خدمت انجام دے رہے ہیں اس کی تعریف کرنا ہر اہل ادب کا فریضہ ہے اس لئے کہ ہم دیکھتے ہیں کہ وہ اپنے طلبہ کی تربیت اور اصلاح اس انداز سے کرتے ہیں کہ ان کی شعری فکر مجروح نہیں ہوتی بلکہ ان کا حوصلہ بلند ہوتا ہے۔استاد محترم یوں تو ہندی ادب کے مدرس رہے لیکن انھوں نے جس انداز میں اردو کو فروغ دیا وہ ایک ایسا عمل ہے کہ جس کی مثال دور دور تک نہیں ملتی جس طرح اپنے دور میں داغ دہلوی نے اردو ادب کو فروغ دیا تھا اور اپنے سینکڑوں طلبہ کو اردو کی خدمت پر معمور کیا تھا اس طرح آج کے دور میں ڈاکٹر الیاس نوید گنوری اردو شعر و سخن کی خدمت انجام دے رہے ہیں میں انھیں بابائے اردو خطاب ملنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں“۔
ذوالفقار زلفی نے کہا کہ استاد محترم ڈاکٹر الیاس نوید گنوری جہاں ایک بہترین شاعرہیں وہیں ان کی نثری خدمات بھی غیر معمولی ہیں ان کی تنقیدی نگاہ نہایت وسیع ہے وہ ماہرِ عروض ہیں اور ایک بہترین مدرس،شاعر،ناقد ہونے کے ساتھ ساتھ ایک ایسے انسان ہیں جن کی شخصیت جاذب نظر ہے اور ان سے مل کر دل خوش ہو جاتا ہے میں ان کو بابائے اردو کے ایوارڈ سے نوازے جانے پر خوشی کا اظہار کرتا ہوں“۔پروگرام میں شامل ہونے والوں میں محمد محسن مظفر نگری، ضیا الحسن ضیا،نسیم طیب،وزیر حسن،شرافت حسین،کلیم ثمر بدایونی،شاکر علی گڑھی،ریشمہ طلعت،نسرین نقوی،صبا زہرا،نگار فاطمہ،عامر حسین زیدی،مظفر حسین مظفر نگری،نوشاد عالم،دلشاد حسین،جعفر رضا روشن،مبارک حسین،حیدر رضا کامل اورارشاد قریشی وغیرہ وغیرہ پیش پیش رہے۔
ای میل:wafanaqvi76@yahoo.com