Dr Irfan Ansari elected chairman of Jharkhand Haj Committeeتصویر سوشل میڈیا

رانچی:(اے یو ایس) کانگریس رکن اسمبلی ڈاکٹر عرفان انصاری کو جھارکھنڈ حج کمیٹی کا چیئرمین منتخب کیا گیا ہے۔ ڈاکٹر عرفان انصاری کا انتخاب رانچی کے کڈرو واقع حج ہاو¿س میں ہفتہ کے روز منعقد ایک میٹنگ میں اتفاق رائے سے عمل میں آیا۔

واضح رہے کہ گذشتہ 27 نومبر کو حج کمیٹی کے قیام کےلئے 16 اراکین پر مشتمل نوٹیفیکیشن جاری کیا گیا تھا۔ حج کمیٹی کے اراکین میں وزیر پارلیمانی امور عالمگیر عالم اور جے ایم ایم رکن اسمبلی سرفراز احمد بھی میٹنگ میں شامل تھے۔ حج کمیٹی کے چیئرمین منتخب ہونے پر ڈاکٹر عرفان انصاری نے خوشی کا اظہار کیا وہیں وزیر پارلیمانی امور عالمگیر عالم نے ڈاکٹر عرفان انصاری کو دلی مبارکباد پیش کی۔

دوسری جانب ادارہ شرعیہ جھارکھنڈ کی میٹنگ منعقد کی گئی۔ رانچی کے کڈرو واقع جامعہ بنکٹ ہال میں ناظم اعلیٰ مولانامحمد قطب الدین رضوی کی صدارت میں منعقدہ میٹنگ میں جامتاڑا کے ایم ایل اے ڈاکٹر عرفان احمد انصاری کے جھارکھنڈ اسٹیٹ حج کمیٹی کے چیئرمین منتخب ہونے پر اظہار خوشی کرتے ہوئے نئے چیئرمین ڈاکٹرعرفان انصاری کو مبارکبادی پیش کی ہے۔

اس موقع پر مولاناقطب الدین رضوی نے کہا ہے کہ وہ شخص بڑا خوش نصیب ہے، جسے عازمین حج کی خدمت کرنے کا موقع ملتا ہے۔ نو منتخب چیئرمین اور جملہ ممبران حج کمیٹی کو یہ موقع غنیمت جان کر عازمین حج کی بہتر سہولت کے لیئے جدوجہد جاری رکھیں۔ادارہ شرعیہ جھارکھنڈ نے کہا کہ امروز فردا میں 2021 کے لئے حج رجسٹریشن کی آخری تاریخ ختم ہو رہی ہے اور اب تک بہت ہی کم عازمین حج نے جھارکھنڈ سے فارم بھرا ہے، یہ ایک لمحہ فکریہ ہے۔

ادارہ شرعیہ جھارکھنڈ نے مزید کہا کہ جھارکھنڈ سے حج کا امبارکیشن پوائنٹ ہٹادینا بہت ہی افسوسناک ہے، اب نئے چیئرمین کو اس جانب کوشش کرنی چاہئے۔ مولانا قطب الدین رضوی نے کہا کہ جھارکھنڈ کی ہیمنت سورین حکومت عمدہ کام کررہی ہے اور وزیراعلیٰ ہیمنت سورین مخلصانہ کوشش کر رہے ہیں۔ آگے بھی امید ہے کہ حج کمیٹی کی طرح جلد ہی جھارکھنڈ اسٹیٹ اقلیتی کمیشن، وقف بورڈ، اردو اکیڈمی وغیرہ جلد ہی حکومت تشکیل کرے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *