علی گڑھ:سابق صدر شعبہ امراضِ نفسیات جے این میڈیکل کالج اے ایم یو علی گڑھ ڈاکٹر سہیل احمد اعظمی نے معروف اداکارہ نمی کے سانحہ ارتحال پر اظہارِ افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ نمی اپنے دور کی منفرد اداکارہ اور ایک بہترین انسان اور ایک خوش مزاج شخصیت تھیں انھوں نے جس انداز کی اداکاری کی اور ہندوستانی فلم انڈرسٹری کو فروغ دیا وہ اپنی مثال آپ ہے انھوں نے جس طرح فلموں میں مکالمات کی ادائیگی کی اس سے ان کی صلاحیت تو عیاں ہی ہوتی ہے ساتھ ہی اس سے ان کی اردو کے لئے محبت نظر آتی ہے وہ ایک بہترین اردو داں تھیں ان کی بات بات سے تہذیب و تمدن جھلکتا تھا ان کی آگرہ میں ولادت ہوئی بچپن ہی میں ان کی ماں کا سایا ان کے سر سے اٹھ گیا اور وہ پھر بمبئی فلم انڈسٹری تک پہنچیں ان کی پہلی فلم برسات تھی اور راج کپور نے انھیں فلموں میں جگہ دی تھیں۔وہ کئی بارمیری گذارش پر علی گڑھ میں تشریف لائیں اور یہاں اے ایم یو میں انھوں نے کنیڈی ہال میں خطاب بھی کیا ۔
اس دوران وہ میرے گھر مہمان رہیں ۔میں بھی جب کبھی ممبئی گیا تو ان سے مل کر ضرور آیا ۔ان کی شخصیت میں نہایت اخلاص تھاوہ خود بھی مہمان نواز تھیں ان سے اکثر ٹیلی فون پر بھی گفتگو ہوتی تھی اور وہ گفتگو میں علی گڑھ والوں کی خیریت لیتی رہتی تھیں جس سے اندازہ ہوتا تھا کہ انھیں علی گڑھ اور علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے دلی محبت تھی۔ان کے انتقال سے فلمی دنیا میں جو خلا پیدا ہوا ہے اسے پُر نہیں کیاجاسکتا میں خدا سے ان کی مغفرت کی دعا کرتا ہوں۔