ابوظہبی:(اے یو ایس )متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی کو 2021 میں دنیا کے 10 بہترین شہروں میں سے پانچویں بہترین شہر کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔ویب سائٹ بیسٹ سٹیز کی جانب سے جاری ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ” ناقابل فراموش تجربات، عرب ثقافت اور لگڑری زندگی کے حامل دبئی پر کرونا وبا کے اثرات ختم ہوتے نظر آ رہے ہیں۔”‘دنیا کی سب سے بلند ترین عمارت اور دنیا کے سب سے مصروف ترین شاپنگ مال کے حامل شہر کی حیثیت سے دبئی دنیا کے سب سے منفرد شہروں میں سے ایک ہے۔’
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ شہر میں 2010 کی دہائی کے دوران ایک نئی جدت دیکھنے کو ملی ہے، یہ شہر امیر ترین اماراتیوں کے گڑھ سے بدل کر بین الاقوامی سیاحت اور تجارت کے مرکز میں تبدیل ہو گیا ہے۔ اس تبدیلی کی وجہ سے دبئی میں سب سے زیادہ تارکین وطن موجود ہیں۔ اس لسٹ میں دس بہترین شہروں کی ترتیب کچھ یوں ہے: لندن،پیرس، نیویارک، ماسکو، دبئی، ٹوکیو، سنگاپور، لاس اینجلس، بارسلونا اور میڈریڈ۔اس سے قبل بدھ کے روز ملک کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید النہیان نے اعلان کیا تھا کہ دبئی نے کرونا وائرس وبا کو مات دے دی ہے۔
ویڈیو پیغام میں شیخ محمد کا کہنا تھا کہ” ہم نے کرونا وائرس کو مات دے دی ہے اور اس تجربے سے سیر حاصل سبق حاصل کئے ہیں۔امارات میں زندگی دوبارہ اپنی معمول پر آرہی ہے، الحمد للہ۔2020میں سی او ورلڈ میگزین نے رہائش اور روزگار کے معاملہ میں تارکین وطن کے لیے دنیا کے بہترین شہروں کی فہرست میں بھی دوبئی کو پانچویں پوزیشن حاصل تھی۔اس فہرست میں سڈنی، ایمسٹرڈم اور ٹوکیو بھی تھے۔