ریاض:(اے یو ایس ) سعودی عرب میں ہندستانی سفیر ڈاکٹر اوصاف سعید نے نئی دہلی اور ریاض کے درمیان معیشت اور سرمایہ کاری کے میدان میں تعاون کے بعض خدوخال پر روشنی ڈالی۔ منگل کے العربیہ نیوز چینل کے پروگرام “نشرة الرابعة” سے گفتگو کے دوران ڈاکٹر اوصاف نے کہا کہ سعودی عرب اور ہندوستان کے درمیان اقتصادی شراکت داری دوطرفہ تعلقات کی بنیاد ہے۔
بالخصوص جب کہ ہندستان سعودی عرب کے خام تیل کے سب سے بڑے خریداروں میں سے ایک ہے۔ اسی طرح مملکت میں ہندستانی سرمایہ کاری کا حجم 1.8 ارب ڈالر تک پہنچ گیا ہے۔ڈاکٹر اوصاف نے واضح کیا کہ ہندستان کی 600 بڑی کمپنیاں سعودی عرب میں کام کر رہی ہیں۔ ریاض ہندستان کو سرمایہ کاری کی ایک بڑی اور تابناک صورت میں دیکھ رہا ہے۔ہندستانی سفیر نے باور کرایا کہ سعودی عرب کی ہندوستان میں سرمایہ کاری 3.3 ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ 2019 میں سعودی ولی عہد کے دورے کے موقع پر شہزادہ محمد بن سلمان نے ہندستان میں سرمایہ کاری کے مواقع پر بات چیت کی تھی۔ اس میں سعودی ارامکو اور متعدد ہندوستانی کمپنیوں کے تعاون سے دنیا کی سب سے بڑی آئل ریفائنری کا قیام بھی شامل ہے۔