Eid Milad-un-Nabi celebrated with religious fervour, gaiety in Kashmir

سری نگر: دنیا کے مختلف حصوں کی طرح وادی کشمیر میں بھی جمعہ کو پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفیٰ (ص) کی ولادت باسعادت کی مناسبت منائی جانے والی عید میلاد النبیﷺ کی تقریبات تزک و احتشام سے منائی گئیں تاہم کورونا گائیڈ لائنز کے پیش نظر کسی بھی مسجد یا خانقاہ میں شبانہ اجتماعات و درود و اذکار کی مجالس کا انعقاد نہیں کیا گیا۔ کورونا کے پیش نظر میلاد کی مناسبت سے نکلنے والے بیشتر جلوس ہائے میلاد بھی بند ہی رہے تاہم بعض علاقوں میں چھوٹے پیمانے کے جلوس برآمد کئے گئے جن میں لوگوں نے کورونا گائیڈ لائنز پر عمل کرتے ہوئے شرکت کی۔
جھیل ڈل کے کناروں پر واقع آثار شریف حضرت بل میں نماز فجر سردی کو صرف نظر کرتے لوگوں کی بھاری تعداد نے ادا کی اور باجماعت نماز کی ادائیگی کے بعد موئے مقدس کے دیدار سے فیضیاب ہوئے۔ آثار شریف میں اگرچہ امسال شب خوانی نہ ہوسکی تاہم فرزندان توحید ہر نماز کے بعد موئے مقدس کے دیدار سے فیضاب ہوئے اور نماز جمعہ میں بھی لوگوں کی بھاری تعداد نے شرکت کی۔ وادی کی مساجد و خانقاہوں میں اگرچہ امسال عید میلاد النبی کی مناسبت سے خصوصی اجتماعات کا انعقاد نہیں کیا گیا تھا تاہم روز جمعہ ہونے کی وجہ سے ائمہ جمعہ نے اپنے خطبوں میں پیمغبر اسلامﷺکی حیات طیبہ کے مختلف گوشوں پر سیر حاصل روشنی ڈالی اور دنیا میں پھیلنے والے کورونا وبا سے فوری نجات اور دنیا میں قیام امن کے لئے خصوصی دعائیں مانگیں۔
کورونا کے پیش نظر امسال وادی میں بڑے پیمانے پرجلوس ہائے میلاد کا اہتمام نہیں کیا گیا تاہم بعض علاقوں میں چھوٹے پیمانے پر جلوس میلاد برآمد ہوئے جن میں لوگوں نے کورونا گائیڈ لائنز پر عمل کرتے ہوئے شرکت کی۔ دریں اثنا سری نگر کے بتہ مالو علاقے میں مقامی لوگوں اور تاجروں نے فرانس کے صدر امانوئل مکرون کے حالیہ اسلام مخالف بیان اور ایک استاد کی طرف سے طلبا کو پیغمبر اسلام کی شان میں توہین آمیز خاکے دکھانے کے خلاف احتجاج درج کرتے ہوئے لوگوں سے فرانس کے مصنوعات کے بائیکاٹ کرنے کی اپیل کی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *