کیپ ٹاؤن:جنوبی افریقہ نے کہا ہے کہ اسے سعودی عرب سمیت 8عرب ممالک کی جانب سے درخواست موصول ہوئی ہے کہ انہیں بھی برکس اتحاد میں شامل کیا جائے۔ اس ضمن میں جنوبی افریقہ کے وزیر خارجہ نالیدی پنڈور نے کہا کہ ان آٹھ عرب ممالک نے تیزی سے ترقی کرنے والی معیشتوں کے برکس گروپ میں شمولیت کے لیے باضابطہ طور پر درخواست دی ہے۔اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ برکس کے رہنما 22 سے 24 اگست کے درمیان ہونے والی اپنی آئندہ سربراہی کانفرنس کے دوران گروپ کی توسیع اور جمع کرائی گئی درخواستوں پر تبادلہ خیال کریں گے نالیدی پنڈور نے صحافیوں کو بتایا کہ مجموعی طور پر 23 ممالک نے باضابطہ طور پر اس گروپ میں شامل ہونے کے لیے درخواستیں دی ہیں جن میں آٹھ عرب ممالک بھی شامل ہیں۔
برکس کے چیئرمین کے طور پر جنوبی افریقہ ، سربراہی اجلاس میں توسیع کے ماڈل، اس کے اصولوں اور معیارات پر بات کرے گا۔نڈور نے کہاکہ ہم بتدریج برکس میں توسیع کے معاملہ پر اتفاق رائے کی طرف بڑھ رہے ہیں اور ہم کو امید ہے کہ یہ اتفاق رائے سربراہی اجلاس میں بھی قام رہے گا۔ جن8عرب ممالک نے شمولیت کے لیے درخواست دی ہے وہ الجزائر، بحرین، مصر، کویت، مراکش، فلسطین، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) ہیں جبکہ بقیہ ممالک میں بنگلہ دیش، ایران، قازقستان، نائیجیریا، سینیگال، ایتھوپیا، بیلاروس، بولیویا، ارجنٹائن، وینزویلا، ویت نام، کیوبا، ہونڈوراس، انڈونیشیا اور تھائی لینڈ شامل ہیں۔
اس سے قبل 3 اگست کو برازیل کے صدر لوئیز اناسیو لولا دا سلوا برکس گروپ میں مزید ممالک کی شمولیت کے لیے اپنی حمایت کا اظہار کر چکے ہیں۔ لولا نے گزشتہ روز دارالحکومت برازیلیا میں کہا کہ وہ ارجنٹائن، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات جیسے ممالک کی اس گروپ میں شمولیت کی حمایت کرتے ہیں۔ برکس جس میں برازیل، روس، ہندوستان، چین اور جنوبی افریقہ ہیں22 سے 24 اگست تک جوہانسبرگ میں ایک سربراہی اجلاس منعقد کرنے والا ہے۔