ریاض:(اے یو ایس) گذشتہ روز سعودی عرب کے شہر ابھا کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کو بارود سے لدے ڈورن سے نشانہ بنانے کی یمن کے حوثی باغیوں کی ناکام کوشش کے دوران آٹھ افراد زخمی ہو گئے۔العربیہ نیوز چینل کے ذرائع کے مطابق عرب اتحاد کے فضائی دفاع نے ڈرون کو فضا ہی تباہ کر دیا جس کے بعد تباہ شدہ ڈرون کے چند ٹکڑے اور حصے ہوائی اڈے کے علاقے میں گرے۔
عرب اتحاد نے بتایا کہ سعودی عرب کی مسلح فوج نے ہوائی اڈے کو نشانہ بنانے والے ڈرون کو تباہ کرنے کے بعد حوثیوں کا ارسال کردہ ایک اور بغیر پائیلٹ طیارہ تباہ کیا۔ اتحاد کے بیان میں بتایا گیا ہے کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دوسرے ناکام ڈورن حملے میں آٹھ افراد زخمی ہوئے۔ایرانی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا باقاعدگی سے مملکت کے مختلف شہروں پر ڈرون حملے کر رہی ہے۔
فروری میں کیے گئے حوثیوں کے ایک ایسے ہی حملے سے ابھا ایئرپورٹ پر ایک مسافر طیارے میں آگ لگ گئی تھی۔حملے میں کسی کی ہلاکت یا زخمی ہونے کی اطلاعات نہیں آئیں۔ تاہم بین الاقوامی سطح پر ایرانی حمایت یافتہ گروہ کے حملے کی مذمت کی گئی۔یاد رہے کہ پیر کے روز عرب اتحاد نے دو ڈرون مار گرائے تھے، جن میں سے ایک جازان کی طرف بھیجا گیا تھا اور دوسرا نجران کی طرف۔
دونوں صوبے یمن کی سرحد پر ہیں۔واضح رہے کہ 2014 میں یمن کے دارالحکومت صنعا پر قبضے کے بعد سے حوثی ملیشیا کا ملک کے بڑے حصوں پر کنٹرول ہے۔اتوار کو عرب اتحاد نے کامیابی کے ساتھ تین ڈرون مار گرائے تھے، جو کہ خمیس مشیط کی طرف داغے گئے تھے۔ خمیس مشیط اسی صوبے میں واقع ہے جس میں ابہا اور اسیر ہیں۔عرب اتحاد کا کہنا ہے کہ شہریوں پر حملے جنگی جرم ہے اور عزم کیا کہ ان کی حفاظت کے لیے ضروری کارروائی کی جائے گی۔
