پورٹ ایلزبتھ:انگلینڈ نے جنوبی افریقہ کے خلاف چار ٹیسٹ میچوں کی سریز میں1-0سے پیچھے رہنے کے بعد یکے بعد دیگرے دو ٹسٹ میچ جیت کر 4ٹسٹ میچوں کی سریز میں 2-1کی سبقت حاصل کر کے یہ امر یقینی کر لیا کہ اب اگر وہ یہ سریز نہ بھی جیت سکا تو کم از کم سریز ہارے گا نہیں۔ انگلستان کی پہلی اننگز 9وکٹ پر499ڈکلیر کے جواب میںمیزبان جنوبی افریقہ دونوں اننگز میں محض446رنز ہی بنا سکی اور ایک اننگز 53رنز کے فرق سے ہار گئی۔
جنوبی افریقہ پہلی اننگز میں محض209رنز ہی بنا سکا لیکن انگلستان کے کپتان جو روٹ نے اسے فالو آن نہیں دیا۔دوسری اننگز میں بھی جنوبی افریقہ کی اننگز بری طرح لڑکھڑاتی نظر آئی اور جس وقت میچ پانچویں روز میں داخل ہوا تو انگلستان کو اننگز کی جیت کے لیے محض چار وکٹ آؤٹ کرنے کی ضرورت تھی جبکہ انگلستان کو دوبارہ بیٹنگ پر مجبو ر کرنے یا با الفاظ دیگر اپنے اوپر سے اننگز سے ہار کے منڈلاتے بادل سے بچانے کے لیے جنوبی افریقہ کو مزید 188رنز کی ضرورت تھی۔لیکن چوتھے روز کی اپنی ناتمام اننگز 6وکٹ کے نقصان پر 102رنز سے پانچواں دن شروع کرتے ہوئے جنوبی افریقہ نے ایک گھنٹے کے کھیل میں مزید تین وکٹیں گنوا دیں ۔اور اب صرف یہ انتظار باقی تھا کہ جنوبی افریقہ کی اننگز کب اور کتنے رنز پر اختتام پذیر ہو گی اور انگلستان کو اننگز اور کتنے رنز کے فرق سے جیت حاصل ہو گی۔
لیکن ٹیل انڈر کیشو مہاراج آسانی سے گھٹنے ٹیک دینے کے حق میں نظر نہیں آرہے تھے۔انہوں نے زبردست مزاحمت کی اور کپتان جو روٹ کے ، جو اننگز میں اپنی پانچویں وکٹ کی لالچ میںاٹیک پر آئے تو کیشو مہاراج نے روٹ کے 29ویں اوور میں ان کی وہ درگت بنائی کہ شاید گیند کی شکل بھی بگڑ گئی ہو گی۔ کیشو نے اس اوور میں 28رنز بٹورے جس میں چار چوکے ،جن میںایک بائی کا تھا،اور 2چھکے لگائے۔کیشو مہارج اس قدر آپے سے باہر تھے کہ انہوں نے آخری50رنز صرف25گیندوں پربنائے ۔وہ106گیندوں پر 10چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 71رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے۔
لیکن آؤٹ ہونے سے پہلے انہوںنے پیٹرسن کے ساتھ مل کر دسویں وکٹ کے لیے 99رنز کی پارٹنر شپ کی۔ اور جنوی افریقہ کی اننگز 237رنز پر سمٹ گئی۔ جنوبی افریقہ کی طرف سے دوسرے کامیاب بلے باز11نمبر کے بلے باز پیٹرسن رہے جنہوںے40گیندوں پر 6چوکوں کےساتھ39رنز بنائے جبکہ کپتان فاف ڈو پلیسس نے123گیندوں کاسامنا کیا اور 36رنز بنائے۔جس میں ان کے 6چوکے اور ایک چھکا شامل ہے۔انگلستان کی جانب سے لیگ اسپن بولنگ کرنے والے جز وقتی بولر جو رٹ نے چار، فاسٹ بولر ووڈ نے 3اور براڈ اور بیس نے ایک ایک وکٹ لی۔مین آف دی میچ انگلستان کی واحد اننگز میں سنچری بنانے والے اولی پوپ کو قرار دیا گیا۔