Erdogan calls on Pope to support sanctions against Israelتصویر سوشل میڈیا

انقرہ: ترکی کے صدر رجب طیب اردغان نے اسرائیل کو ‘دہشت گرد’ ریاست قرار دیتے ہوئے اسرائیل پر عالمی پابندیاں عائد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق ترک صدرنے پاپائے روم سے ٹیلیفون پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی فوج نہتے فلسطینیوں کو بے دردی کے ساتھ ذبح کررہی ہے۔

ترک ایوان صدر کے مطابق ترک صدر نے کہا کہ اگر عالمی برادری اسرائیل کو اس کے وحشیانہ جرائم کی سزا نہیں دیتی تو صہیونی ریاست فلسطینیوں کو ذبح کرنے اور انسانیت کے خلاف جرائم جاری رکھے گی۔خیال رہے کہ فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فوج کی وحیشانہ بمباری شروع ہونے کے بعد ترک صدر نے کئی عالمی رہ نماﺅں سے ٹیلفیون پر بات چیت کی ہے۔

پاپائے روم پوپ فرانسس سے فون پر بات کرتے ہوئے صدر اردوغان نے کہا کہ قابض اسرائیلی ریاست فلسطینیوں کو مسجد اقصیٰ میں عبادت سے روک رہی ہے۔ عیسائی برادری کے القیامہ چرچ کو بند کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ فلسطینی اراضی میں معصوم فلسطینیوں کا قتل عام جاری ہے۔ اسرائیلی ریاست کی بدمعاشی پورے خطے کی سلامتی کیلیے خطرہ ہے۔ترک صدر نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اسرائیل کو اس کے سنگین جرائم پر سبق سکھایا جائے۔

دریں اثنا فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی پر فلسطینیوں اور اسرائیلی فوج کے درمیان گھمسان کی لڑائی جاری ہے۔ اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی میں ایک کثیر منزلہ عمارت جسے خالی کرانے کا حکم دیا گیا تھا سے متصل دوسری عمارتوں پربھی بمباری کی ہے۔ یہ عمارتیں عام شہریوں کے رہائشی فلیٹس پر مشتمل ہیں۔ دوسری طرف فلسطینی مزاحمت کاروں نے بھرپور طریقے سے جوابی کارروائی کرتے ہوئے اسرائیلی کالونیوں پر راکٹ حملے کیے ہیں۔

غزہ میں ایک مقامی صحافی نے العربیہ چینل کو بتایا کہ گذشتہ سوموار سے غزہ کی پٹی میں جاری اسرائیلی فوج کی بمباری میں اب تک 210 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔ بمباری میں سیکڑوں افراد زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں کی تعداد میں اضافے کے پیش نظر غزہ میں الشفا کمپلیکس میں ہنگامی حالت بڑھا دی گئی ہے۔ ناکہ بندی اور مسلسل بمباری کے باعث الشفا اسپتال میں زخمیوں کے علاج کی سہولت محدود ہوگئی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *