جنیوا: (اے یو ایس )مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ میں یورپی یونین کے ترجمان لوئس میگوئل نے کہا ہے کہ یورپی یونین سعودی حکام بالخصوص وزارتِ حج و عمرہ کی طرف سے عازمین حج کو تمام ممکنہ سہولیات فراہم کرنے کے بعد حج کے کامیاب انعقاد پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یورپی ممالک سے سالانہ تقریبا سات لاکھ مسلمان حج اور عمرہ کے لیے حرمین شریفین کا سفر کرتے ہیں۔ سعودی حکومت کی طرف سے مسلمان زائرین بالخصوص حج کے موقعے پر فراہم کردہ سہولیات اطمینان بخش ہیں۔انہوں نے العربیہ ڈاٹ نیٹ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے دیکھا کہ اس سال حج کے موقعے پر بہت اہم اور بہت مفید پیش رفت ہوئی ہے۔
سعودی حکومت کی طرف سے یورپی یونین کے ملکوں سے حج کے خواہش مند مسلمانوں کو براہ راست ویزے کی سہولت دی۔ ماضی کے حج سیزن کی نسبت اب کی بار یورپی عازمین کو زیادہ سہولیات فراہم کی گئیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم سعودی حکام کی طرف سے صحت کے حوالے سے کی جانے والی دیکھ بھال کو اطمینان بخش قرار دیتے ہیں۔ ہم نے دیکھا ہے کہ اس سال کا حج صرف 65 سال سے کم عمر کے گروپ تک محدود ہے، جس میں ویکسین کی بنیادی خوراک کے ساتھ حفاظتی ٹیکوں کو مکمل کرنے کی شرط رکھی گئی تھی جو کہ وبا کے عرصے میں ایک مستحسن اقدام ہے۔ یورپی یونین کے عہدیدار کا کہنا تھا کہ اس بار سعودی عرب نے حجاج کرام کی رہنمائی کے لیے 20 مختلف زبانوں جن میں کئی یورپی زبانیں بھی شامل تھیں کی رہنمائی کی ہے۔