جنیوا: (اے یو ایس ) یورپی یونین نے ایک بار پھر یمن کے ایرانی حمایت یافتہ حوثی باغیوں کی طرف سے سعودی عرب پر کیے جانے والے حملوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
یورپی یونین کی خارجہ تعلقات کمیٹی نے دو شنبہ کو ایک بیان میں کہا ہے کہ یورپی یونین کو یمن کےعلاقوں کے مارب اور الجوف کے علاقوں پر حوثیوں کی طرف سے نئے حملوں اور سعودی عرب پر سرحد پار سے ہونے والے بار بار حملوں پر تشویش ہے۔
یورپی یونین کی خارجہ کمیٹی نے مزید کہا کہ تازہ فوجی کارروائیوں سے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی کی یمن میں قیام امن کے لیے جاری کوششوں اور یمن میں جنگ کے خاتمے کے لیے عالمی برادری کی کوششوں کو نقصان پہنچا ہے۔یورپی یونین نے یمن کے بحران کے جامع سیاسی حل تک پہنچنے کی فوری ضرورت پر زور دیا اور امریکی انتظامیہ کی یمن کے بارے میں اپنی پالیسی پر نظر ثانی کا خیرمقدم کیا۔
یورپی یونین کے وفد نے یمنی حکومت کے ملک میں رہنے کے عزم کی تعریف کی اور کہا کہ یورپی یونین یمن کی آئینی حکومت کے ساتھ مل کر مشترکہ چیلنجز کے خلاف کام جاری رکھے گی۔یمن کی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق یورپی ممالک کے مندوبین کا دورہ عدن اختتام پذیر ہوگیا ہے۔
عبوری دارالحکومت کے دورے پرآئے یورپی رہنماﺅں نے یمن کے بحران کے سیاسی حل پر زور دیا ہے اور کہا ہے کہ یورپی یونین یمن میں جاری کشیدگی اور جنگ کے خاتمے کے لیے کی جانے والی سنجیدہ کوششوں آگے بڑھانے میں ہرممکن مدد فراہم کرنے کو تیار ہے۔