جنیوا (اے یو ایس) یورپین یونین نے کہا ہے کہ روس یوکرین جنگ کے خاتمے تک یوکرین کے 40 لاکھ سے زائد یوکرینی شہری یورپ میں قیام کر سکتے ہیں۔یہ بات یورپین یونین نے جنگ کے باعث یوکرینی شہریوں کو اپنے ہاں عارضی پناہ دینے کا ایک سال مکمل ہونے کے بعد اس سال کی اجازت دینے کے حوالے سے نئے ’عارضی پناہ کے ڈائریکٹیو‘ کے اجرا کے موقع پر کہی۔
اس نئے ڈائریکٹیو کے تحت یوکرینی شہریوں کا نہ صرف یورپ میں قیام قانونی ہوگا بلکہ وہ یہاں کام بھی کر سکیں گے۔اس دوران ان کے بچے یورپین ممالک کے اسکولوں میں مفت تعلیم پائیں گے اور انہیں صحت کی سہولیات تک آسان رسائی بھی میسر ہوگی۔
یورپین کمیشن کے اس نئے ڈائریکٹیو میں اس عزم کا اظہار بھی کیا گیا کہ یورپ روسی جارحیت کے خلاف یوکرین کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔یورپ نے اپنے باہمی اتحاد کے ذریعے روسی جارحیت کے جواب میں اپنے گھروں سے نکلنے والوں کی بھرپور مدد کرنے کا فیصلہ کیا۔اسی لیے 4 مارچ 2022 کو عارضی پناہ کا پورا میکنزم بنایا گیا، جس میں 2023 کےلیے ایک سال کی توسیع کی گئی۔یورپ نے یوکرین کے شہریوں کو واضح پیغام دیا کہ یہ سہولت جنگ کے اختتام تک جاری رہے گی۔