جنیوا:(اے یو ایس ) یورپی یونین کے کئی ممالک نے درجنوں روسی سفارت کاروں کو بے دخل کر دیا ہے جن میں سے کچھ کے خلاف یہ اقدام مبینہ طور پر جاسوسی کے الزام میں اٹھایا گیا ہے۔آئرلینڈ کے وزیرِاعظم نے منگل کو روسی سفارت کاروں کی بے دخلی کو ایک مربوط اقدام قرار دیا تھا۔خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس نے ایک رپورٹ میں کہا کہ ماسکو کے یوکرین پر حملے کے بعد روس اور مغرب کے درمیان تعلقات منجمد ہو گئے ہیں۔
مغربی یورپ کے ملک نیدرلینڈز نے کہا کہ وہ 17 روسی شہریوں کو ملک بدر کر رہا ہے جن کے بارے میں بتایا جا رہا ہے کہ وہ خفیہ سرگرمیوں میں ملوث تھے۔بیلجیم نے کہا کہ وہ 21 روسیوں کو نکال رہا ہے۔ جمہوریہ چیک نے ایک روسی سفارت کار کو ملک چھوڑنے کے لیے 72 گھنٹے کا وقت دیا ہے۔ آئرلینڈ نے چار سینئر روسی اہلکاروں کو کہا کہ وہ ملک چھوڑ دیں کیونکہ ان کی سرگرمیوں کو سفارتی قواعد و ضوابط کے بین الاقوامی معیار کے مطابق نہیں سمجھا گیا۔
